عظمیٰ نیوز سروس
جموں //جموں وکشمیر پردیش بھاجپا اکائی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے کہاکہ گزشتہ روز پیش ہوا بجٹ 2024وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کی عکاسی کرتا ہے ۔جے اینڈ کے بی جے پی کے صدر رویندر رینہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کی طرف سے پیش کردہ اس بجٹ میں فلاح و بہبود اور ترقی پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس بجٹ سے دفاع، نوجوانوں، خواتین، کسانوں، غریبوں، طلباء ، ملازمین، متوسط طبقے وغیرہ کو فائدہ پہنچے گا۔ اس میں انفراسٹرکچر، توانائی، ایم ایس ایم ای، ترقی، تعلیم، اصلاحات، ٹیکس فوائد، پیداواریت، روزگار کی تخلیق، سماجی انصاف پر بھی توجہ دی گئی ہے۔مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارامن کے ذریعہ پیش کردہ مرکزی بجٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے موصوف نے کہا کہ یہ بجٹ سماج کے ہر طبقے کی فلاح و بہبود اور اگلی نسل کی اصلاحات کے تئیں مودی حکومت کے عزم کو ثابت کرتا ہے۔رینہ نے کہا کہ مودی جی کا یہ بجٹ تمام طبقات کے لوگوں کی فلاح و بہبود اور خطے میں جاری ترقیاتی عمل کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ تنخواہ دار اور متوسط طبقے کے ہاتھ میں زیادہ رقم فراہم کرے گا۔ اس بجٹ سے نوجوانوں اور خواتین، طبقوں کو زیادہ فائدہ پہنچے گا، جو کہ کسی بھی معاشرے میں مستقبل اور ہمہ گیر ترقی کے لئے بنیادی ستون ہیں۔رویندر رینہ نے کہا کہ یہ بجٹ اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو فروغ دے گا، اس لئے ملک میں روزگار پیدا کرنے کی صلاحیت اور دیگر ترقیاتی عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔