سرینگر//ریاستی گورنر کی طرف سے آئندہ سال2جنوری کو بجٹ اجلاس طلب کرنے کے فیصلے کے بعد اسمبلی سیکریٹریٹ نے تمام ممبران اسمبلی سے ستارہ اور غیر ستارہ زمرے میں 10سوالات جمع کرنے کی درخواست کی ہے۔وزیر اعلیٰ کی صدارت میں جمعہ کو جموں میں کابینہ میٹنگ کے دوران بجٹ اجلاس کی تاریخوں کو طے کرنے اور ما بعد ریاستی گورنر نے اس فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے2جنوری کو جموں میںقانون سازیہ کا مشترکہ اجلاس طلب کیاہے۔بجٹ اجلاس کے مد نظر اسمبلی سیکریٹریٹ نے تمام ممبران اسمبلی کو20دسمبر تک ستارہ اور غیر ستارہ زمروں میں سوالات پیش کرنے کی درخواست کی ہے۔اس سلسلے میں سیکریٹری اسمبلی محمد رمضان نے بدھ کو ایک نوٹیفکیشن زیر نمبرLA/9680-92/LEGN/2016اجرا کی، جس میں ممبران اسمبلی سے درخواست کی گئی کہ مذکورہ تاریخ کی11بجے تک وہ ریاستی اسمبلی کی کارروائی اور ضوابط و طریقہ کار کے رول32کے تحت20 سوالات اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائے جس میں ستارہ زمرے کے10 سوالات اور غیر ستارہ زمرے کے10سوالات شامل ہوں۔ممبران اسمبلی سے20 دسمبر تک2بلیں بھی پیش کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔ اس نویٹفکیشن میں ممبران اسمبلی20دسمبر تک ہی4قراردادیں پیش کرسکتے ہیں ۔ریاستی اسمبلی میں فی الوقت87منتخب ممبران اسمبلی اور2نامزد خواتین ممبران سمیت مجموعی طور پر89ممبران موجود ہیں تاہم آئین کی رئو سے صرف65 ممبران اسمبلی سوالات،بلیں اور قرار دادیں جمع کرا سکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے علاوہ اسمبلی میں16وزراء اور6 وزراء مملکت سوالات پیش نہیں کر سکتے ۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو بھی سوالات،بلیں اور قرار دادیں جمع کرنے کا اختیار نہیں ہے۔