عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//متعددعوامی نمائندوں، سینئرفوجی اَفسران اور سول اَفسران نے سول سیکرٹریٹ میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر میں ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اہم مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر رامیشور سنگھ (بنی) اور سجاد شاہین (بانہال) نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اَپنے حلقوں سے متعلق مختلف ترقیاتی اور عوامی مسائل اُجاگر کئے۔
وزیر اعلیٰ نے قانون سازوں کے پیش کردہ مسائل کو بغور سُنا اور ان پر مناسب غور و خوض اور فالو اپ کارروائی کا یقین دلایا۔چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر ایچ یو ڈِی سی او نئی دہلی سنجے کلشریستھا نے بھی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اُنہوں نے ہاؤسنگ اور شہری بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی ایک وسیع رینج پر تبادلہ خیال کیا جن میں اربن چیلنج فنڈ (یو سی ایف)، پانی کی فراہمی، سیوریج، نکاسی آب، سڑک رابطے اور بجلی کے بنیادی ڈھانچے سمیت دیگر امور شامل ہیں۔بعد میں ڈائریکٹر جنرل بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) لیفٹیننٹ جنرل ہرپال سنگھ نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور انہیں جموں و کشمیر میں جاری مختلف بیکن پروجیکٹوں اور بنیادی ڈھانچے کے کاموں کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے جاری بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اورجموں و کشمیر کے تمام خطوں میں ترقی کی فراہمی کو مضبوط بنانے اور عوامی مسائل کو حل کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔