جموں//بجلی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے ایوان میں بتایا کہ ریاست میں بجلی کے نظام میں بہتری لانے کے سلسلے میں ڈی ڈی یو جی جے وائی کے تحت616.59 کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں ۔ عبدالرحیم راتھر کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریاست کے 21 اضلاع میں بجلی کی فراہمی میں بہتری لانے کے سلسلے میں اس پروگرام کو منظوری دی گئی ہے ۔ ان اضلاع میں 10 جموں صوبے اور 9 وادی کشمیر اور 2 لداخ خطے کے شامل ہیں ۔ آسیہ نقاش نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت اُن علاقوں کو بجلی فراہم کی جائے گی جہاں اب تک یہ سہولیت نہیں ہے اس کے علاوہ بجلی کے موجودہ ڈھانچے کو بھی مستحکم کیا جائے گا ۔ رُکن اسمبلی گلزار احمد وانی کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کاواری گام میں 1X10 رسیونگ سٹیشن کا درجہ بڑھانے کا ارادہ رکھتی ہے تا کہ دیگر علاقوں میں بھی بجلی کی سہولیات میں بہتری لائی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ رانی پورہ اور کاواری گام کو گوپال پورہ رسیونگ سٹیشن سے بجلی فراہم کی جاتی ہے ۔ وزیر نے کہا کہ کاواری گام رسیونگ سٹیشن کی تعمیر کے سلسلے میں ڈی پی آر منظوری کیلئے پیش کئے گئے ہیں جس پر 4.99 کروڑ روپے خرچ ہوں گے اور اس پروجیکٹ کی تکمیل سے حلقہ انتخاب شانگس ، رانی پورہ ، ہردوتورو اور کاواری گام میں بجلی کی سہولیات میں بہتری لائی جائے گی ۔ آغا سید روح اللہ مہدی کے ایک سوال کے جواب میں وزیر نے کہا کہ وتر وانی میں 1×10 ایم وی اے ، 33/11 کے وی رسیونگ سٹیشن پی ایم ڈی پی کے تحت منظور کیا گیا ہے جس پر 1.95 کروڑ روپے کی رقم خرچ کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شولی پورہ ، وتر وانی /بودینا ،لہر تال دیہات کو رسیونگ سٹیشن بڈگام کی طرف سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے ۔ وزیر نے کہا کہ ڈی ڈی یو جی جے وائی کے تحت وتر وانی میں رسیونگ سٹیشن کی تعمیر کے سلسلے میں ٹینڈر طلب کئے گئے تھے جنہیں بعد میں منسوخ کیا گیا ۔ ان کاموں کی ری ٹینڈرنگ از سر نو عمل میں لائی گئی ہے ۔