جموں// انفارمیشن ٹیکنالوجی ، تکنیکی تعلیم اور کھیل کود و امور نوجواں کے وزیر عمران رضا انصاری نے کہا ہے کہ تعلیم، ہُنرمندی اور کھیل کود نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے خاص ذرائع ہیں اور ریاستی حکومت اس مقصد کے حصول کے لئے نوجوانوں کو مختلف ہُنروں میں تربیت دے کر انہیں با اختیار بنانے کے اقدامات کر رہی ہے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار ایوان میں اپنے ماتحت محکموں کے مطالبات زر پر جاری بحث کا جواب دیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں پالی ٹیکنیکس کے نیٹ ورک میں صد فیصد اندراج درج کیا گیا ہے جبکہ آئی ٹی آئیز میں یہ شرح97 فیصد ہے اور ان اداروں کے ذریعے سالانہ25 ہزار افراد کو ہُنر مند بنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی آئیز میں78 نئے جاب اروینٹڈ ٹریڈ یونٹ متعارف کئے گئے ہیں اس کے علاوہ سانبہ، کٹھوعہ، ریاسی، گاندر بل، اننت ناگ میں نئے پالی ٹیکنک ادارے قائم کئے گئے ہیں اور ڈوڈہ، کشتواڑ اور اودہمپور میں بھی پالی ٹیکنک کو چالو کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔سانبہ کے اوقاف اسلامیہ میں ایک بڑی ریکروٹمنٹ مہم کے دوران13 قومی/ بین الاقوامی کمپنیوں کے لئے250 ہُنر مندوں کا انتخاب کیا گیا۔وزیر نے مزید کہا کہ حکومت نے کے جی پالی ٹیکنک سرینگر، گورنمنٹ پالی ٹیکنک جموں اور گورنمنٹ آئی ٹی آئی پٹن میں سمارٹ کلاس رومز قائم کی ہیں۔اس کے علاوہ انکیوبیشن کم پلیسمنٹ سینٹر قائم کرنے کو بھی منظوری دی گئی ہے۔جموں وکشمیر سٹیٹ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کی حصولیابیوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ مئی ۔جون2017 سیشن کے باقاعدہ طلاب کے چھٹے سمسٹر کے نتائج کا اعلان48 گھنٹوں کے اندر کیا گیا۔وزیر نے مزید کہا کہ ریاست میں کئی کھیل مقابلے منعقد کئے گئے جن میں جموں کے85955 اور کشمیر کے138540 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔اس کے علاوہ جموں وکشمیر ریاست کی جانب سے منعقد کئے گئے نیشنل سکول گیمز میں1878 کھلاڑیو ں نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے62 ویں اور63 ویں نیشنل سکول گیمز کی میزبانی کی اور اس کے علاوہ 1208 کھلاڑیوں جنہوں نے62 ویں نیشنل سکول گیمز میں میڈل حاصل کئے تھے، کو27.65 لاکھ روپے کے سکالر شِپ فراہم کئے۔کھیل کود کی سرگرمیوں کو مزید بڑھاوا دینے کے سلسلے میں یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس نے کالج آف فیزیکل ایجوکیشن گاڈورہ گاندر بل کے نئے کیمپس کی تعمیر کے سلسلے میں30.39 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں اور سال2018-19 کے دوران دوسرے مرحلے پر43.533 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔وزیر نے مزید کہا کہ کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری لانے کے سلسلے میں 109 ترقیاتی کاموں پر223 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ریاست کے ہر ضلع میں والی بال کورٹ تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جس پر176 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔پی ایم ڈی پی کے تحت ہر ضلع میں ایک انڈور سپورٹس سٹیڈیم تعمیر کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے ایس ایس بی کے ذریعے124 فیزیکل ایجوکیشن ٹیچر تعینات کئے ہیں اور مستقبل قریب میں تین ہزار رہبر کھیل تعینات کئے جائیں گے۔وزیر نے مزید کہا کہ سٹیٹ سپورٹس کونسل نے معروف کھیل شخصیات کی تعیناتی عمل میں لائی ہے جن میں پرویز رسول اور عابد نبی کرکٹر، معراج الدین وڈو فٹبالر اور متالی ڈوگرہ جمناسٹ شامل ہیں۔سپورٹس کونسل نے2016 ساؤتھ ایشین گیمز میں6 گولڈ میڈل حاصل کرنیوالے شوٹر چین سنگھ کو پانچ لاکھ روپے کا انعام دیا۔اسکے علاوہ کونسل نے سیلف ڈیفنس کے میدان میں24 ہزار لڑکوں اور لڑکیوں کو تربیت فراہم کی۔جے کے ایس ڈی ایم جس کی سرپرستی وزیر اعلیٰ کر رہی ہیں، نے پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا ریاست میں شروع کی ہے جس میں 47302 افراد کو2019-20 تک تربیت فراہم کی جائے گی۔بعد میں ایوان نے70044.41 لاکھ روپے کے مطالبات زر پاس کئے۔اس سے قبل بحث میں5 ارکان نے حصہ لیا۔