جموں//شہر کے قلب میں واقع معروف دینی درسگاہ دار العلوم انوریہ ڈگیانہ کے شعبہ علوم عصریہ کے زیر انتظام قائم’’ انوریہ اسلامک اسکول ڈگیانہ جموں‘‘ میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیاجس میں اسکول کے منتظمین کے علاوہ طلبا اور طالبات کے والدین اور ان کے سرپرستوں نے اسکول کی دعوت پر شرکت کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقعہ پر طلبا اور طالبات نے مختلف ثقافتی اور تہذیبی پروگرام پیش کئے۔نیز انہوںنے کئی اہم عنوانات پر اپنے تیاکردہ تھری ڈی پروجیکٹ بھی ناظرین اور حاضرین کے سامنے پیش کئے جنہیں دیکھ کر حاضرین نے پروجیکٹوں کی سراہنا کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی ۔بالخصوص آبی و فضائی آلودگی پر بنایا گیا پروجیکٹ تقریب میں شریک لوگوں کی دلچسپی اور ناظرین کی توجہ کا مرکزرہا۔ اس ثقافتی تقریب میں قابل دید بات یہ رہی کہ شہر میں ٹریفک کی بدحالی اور روز مرہ بڑھتے حادثاتی واقعات کے پیش نظر، ان کی روک تھام کے لیے کئے جانے والے ممکنہ اقدامات پرمشتمل خوبصورتی سے پر اور مناسب تجاویز سے لیس طلبا اور طالبات کا بنایا ہوا ایک مخصوص انداز کا پروجیکٹ جب پیش کیا گیا ۔حاضرین نے اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کے تمام افراد بشمول ارکان اور ممبران کو داد و تحسین سے نوازا اور طلبا کے روشن مستقبل کی دعائیں بھی کیں۔ واضح رہے کہ پروجیکٹ کی پیش کش کے باب میں کباڑ اور ردی کے صحیح استعمال سے بنائی جاسکنے والی کئی کارآمد چیزوں کے حوالہ سے طلبا اور طالبات کے ہاتھوں بنائے گئے پروجیکٹ سے بھی لوگ خوب لطف اندوز ہوئے ۔ آخر میں اسکول کے پرنسپل اجمل ندوی نے اسکول کا تعارف کراتے ہوئے شہر میں اس کی اہمیت و افادیت کو زیر بحث لایا۔اسکے بعد اسکول کی سالانہ تعلیمی کارکردگی سے متعلق تشفی بخش رپورٹ بھی سامعین اور حاضرین کے سامنے پیش کی۔ تقریب میں موجود مولانا شکیل الرحمن ندوی ،یاسر عرفات کے ۔اے ۔ایس ،مولانا سعید اشاعتی ، مولانا علی محمد قاسمی اور شہر کی دیگر معزز شخصیات کے ہاتھوں تعلیمی سال 2017-18 میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو مخصوص انعامات اور ٹرافی سے بھی نوازا گیا جبکہ انہی معزز مہمانوں کے ہاتھوں اسکول سے منسلک اساتذہ اور استانیوں کی تدریسی و تربیتی خدمات سے متعلق ان کارناموںکے اعترافات میں مختلف قسم کے اعزازات و انعامات سے نوازا ۔