جموں//بی جے پی کی ریاستی اکائی نے چیف الیکٹورل آفیسر شالین کابرا سے اپیل کی ہے کہ وہ ان تمام پارٹیوںکی رجسٹریشن کو منسوخ کر دیں جنہوںنے پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے علاوہ کیمونسٹ پارٹی مارکسسٹ اور بہوجن سماج پارٹی نے ریاست کے سیکورٹی حالات اور دفعہ 35Aپر پیدا شدہ تنازعات کے پیش نظر ان انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کر رکھا ہے ۔ یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے مقامی ترجمان انل گپتا نے کہا کہ این سی ، پی ڈی پی ، بی ایس پی، سی پی ایم تسلیم شدہ سیاسی پارٹیاں ہیں اور انہیں چنائو نشان جاری کئے گئے ہیں۔ پارٹیوں کو تمام انتخابات میں حصہ لینے کا نہ صرف حق حاصل ہے بلکہ ان پر فرض عائد ہوتا ہے کہ یہ عوامی نمائندگی کے لئے الیکشن میں حصہ لیں لیکن ان جماعتوں نے الیکشن بائیکاٹ کر کے نہ صرف ریاستی عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے بلکہ آئین کے تقدس کو بھی پامال کیا ہے ۔ برگیڈئر انل گپتا نے کہا کہ الیکشن میں حصہ نہ لے کر ان پارٹیوں نے آئین کی دفعہ 29 A [5] اور 29 A [7]آف 1951نیز الیکشن سمبل آرڈر 1968کی خلاف ورزی کی ہے اس لئے ان پارٹیوں کی رجسٹریشن کو منسوخ کر کے ان کے انتخابی نشان منتخب کر دئیے جائیں ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں پارٹی کے ہیومن رائٹ سیل سے وابستہ وکیل ہنر گپتا نے پٹیشن فائل کر دی ہے کیوں کہ انتخابی عمل شروع ہونے کے باعث یہ حقوق انسانی کی بھی بڑے پیمانہ پر خلاف ورزی ہے ۔