یواین آئی
دبئی/امریکہ کے بلے باز ایرون جونز کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے انسدادِ بدعنوانی ضابطئہ اخلاق کی پانچ خلاف ورزیوں کے الزامات کے تحت فوری طور پر ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے سے معطل کر دیا گیا ہے ۔ آئی سی سی نے انہیں ان الزامات کا جواب دینے کے لیے 14 دن کی مہلت دی ہے ۔31 سالہ جونز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 سے قبل سری لنکا میں ہونے والے ایک تربیتی کیمپ میں امریکہ کے 18 کھلاڑیوں کے گروپ کا حصہ تھے ۔ اگرچہ امریکہ نے ابھی تک ٹورنامنٹ کے لیے اپنی حتمی ٹیم کا اعلان نہیں کیا ہے ، تاہم امکان تھا کہ کیمپ میں موجود کھلاڑیوں میں سے 15 کا انتخاب کیا جائے گا۔ معطلی کے بعد جونز اب انتخاب کے اہل نہیں رہے ۔
جونز پر بیِم 10 میں میچ فکس کرنے ، مشکوک رابطوں کی اطلاع نہ دینے ، تفتیش میں تعاون سے انکار کرنے ، بدعنوانی سے متعلق موصول ہونے والے رابطوں یا دعوتوں کی مکمل معلومات فراہم نہ کرنے اور بدعنوانی کے طرز عمل کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے ، ایسی معلومات چھپاکراور/یا ان میں ردوبدل کرنا شامل ہے ۔آئی سی سی کے مطابق جونز کے خلاف الزامات بنیادی طور پر بارباڈوس میں منعقدہ 2023-24 بیِم 10 ٹورنامنٹ میں ان کی شرکت سے متعلق تھے ، جو کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیو آئی) کے دائرئہ اختیار میں آتا ہے ، تاہم ان میں سے دو الزامات بین الاقوامی میچوں سے بھی وابستہ ہیں۔آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جونز کے خلاف الزامات ”ایک بڑی تفتیش کا حصہ ہیں، جس کے نتیجے میں وقت آنے پر دیگر کھلاڑیوں کے خلاف بھی مزید الزامات عائد کیے جا سکتے ہیں۔”جونز نے 2019میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھنے کے بعد امریکہ کی جانب سے 52 ون ڈے اور 48 بین الاقوامی ٹی20 میچ کھیلے ہیں۔ امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں منعقدہ ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں انہوں نے کناڈا کیخلاف 40 گیندوں پر میچ وننگ 94رن بنائے اور پاکستان کے خلاف ایک مشہور فتح میں 26 گیندوں پر ناقابلِ شکست 36 رنز بنائے ۔ جونز سی پی ایل، ایم ایل سی اور بی پی ایل جیسی ٹی20 فرنچائز لیگز میں بھی شرکت کر چکے ہیں۔ انہوں نے اپریل 2025 کے بعد سے کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا ہے ۔