سرینگر //ضلع اور سب ضلع اسپتالوں میں مریضوں کو دستیاب علاج میں بہتری، شفافیت اور جوابدی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ صحت نے تمام ضلع اور سب ضلع اسپتالوں کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اسپتالوں میں ’’مارنینگ میٹنگوں‘‘ کا انعقاد کریں۔ ناظم صحت کشمیرڈاکٹر مشتاق احمد راتھر کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ زیر نمبر PS/DHSK/2021 /Circular/2296-2361میں کہا گیا ہے کہ سب ضلع اور ضلع اسپتال کے میڈیکل سپر انڈنٹنڈنٹوں کو’’ مارنینگ میٹنگوں ‘‘کا انعقادکرنا ہوگا۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ ان میٹنگوں کا انعقاد ہر ایک اسپتال میں 9بجکر 30منٹ سے 10بجے تک ہوگا تاہم میڈیکل سپر انٹنڈنٹوں کو اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ میٹنگوں کی وجہ سے مریضوں کو کوئی تکلیف نہ ہو۔ مارننگ میٹنگوں کی صدارت میڈیکل سپر انٹنڈنٹ اور بلاک میڈیکل آفیسر کریں گے جبکہ اسپتالوں میں قائم تمام شعبہ جات کے سربراہان کا میٹنگ میں شامل ہونا لازمی ہوگا۔اسکے علاوہ کلینکل ڈیپارٹمنٹ، شعبہ ایمرجنسی و حادثات، لیبارٹری، ایکسرے، ای سی جی، نرسنگ سپروائزرس، صفائی کرمچاریوں کے انچارجوں کے علاوہ دیگر شعبہ جات کے سربراہان بھی میٹنگوں میں موجود رہیںگے۔ میٹنگوں کا مقصد اسپتالوں میں مریضوں کو فراہم علاج کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوذ کرنا ہوگا۔میٹنگوں کے دوران رات کے وقت مریضوں کو فراہم ہونے والے علاج اور کام کی تفصیلات کے علاوہ رات کے دوران ہونے والی اموات کی تفاصیل جمع کرنا ہے۔ میٹنگوں کی روئیداد درج کرنے کے علاوہ گذشتہ روز آنے والے مشکلات کو دور کرنے پر کی گئی کاروائی کی تفصیلات بھی درج ہونی چاہئے۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ میٹنگوں کی روئیداد علیحدہ رجسٹر پر درج کرنے ہونگے جو اسپتال معائنہ کیلئے آنے والے افسران یا ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کے افسران کی چانچ پڑتال کیلئے تیار ہونی چاہئے۔