جموں // تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے جموںوکشمیر جنرل لائن ٹیچرس فورم کے ایک وفد کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی تعلیم کو بچوں کے مستقبل سنوارنے میں ایک کلیدی اہمیت حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ انفرادی سطح پر بچوں کی طرف توجہ دیں تاکہ ان کی صلاحیتوں کو ایک صحیح سمت دی جاسکے ۔وزیر نے کہاکہ حکومت اور لوگوں کو اساتذہ برادری سے کافی توقعات وابستہ ہیں ۔ وفد کے ارکان نے انہیں درپیش کئی مسائل وزیر موصوف کی نوٹس میں لائے جن میں ماسٹر گریڈ میں اساتذہ کی ترقی کے لئے ڈی پی سی منعقد کرنا اور اساتذہ کی تنخواہوں میں تفاوت دور کرنے کے معاملات شامل تھے۔دریں اثناء وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کل قانون ساز کونسل میں محمد خورشید عالم کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سینک سکول مانسبل کے میمورنڈ م آف ایسو سی ایشن کے مطابق سینک سکول مانسبل کے پرنسپل کی تعیناتی بورڈ آف گورننس عمل میںلاتا ہے جس کی سربراہی ریاست کے وزیر اعلیٰ کر تے ہیں۔وزیرنے کہا کہ مختلف مشکلات کے باوجود بھی سینک سکول مانسبل کے طلاب نے مختلف سطحوں پر قابل فخر کارکردگی کا مظاہر ہ کیا ہے جو پچھلے تین برسوں کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے۔