راجوری //دفعہ 370اور 35۔اے کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ خوانی کو ناقابل برداشت قرا ردیتے ہوئے الہدیٰ ایجوکیشن ٹرسٹ کے چیئرمین امیر محمد شمسی نے کہاکہ اس طرح کی غلطی سے کشمیر میں حالات مزید خراب ہوجائیںگے ۔ راجوری میںجمعہ کے خطاب میں شمسی نے کہاکہ حکومت اس طرح کی غلطی کرکے ریاست جموں وکشمیر میں غیر یقینی حالات پیداکرنے کی سعی نہ کرے اور اگر ایسا کیاگیاتو پھر اس کا خمیازہ بھی اسے بھگتناپڑے گااور اس کیلئے عوامی سیلاب کو روکنا مشکل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں متحدہونے کے ساتھ لوگ بھی اس بات پر متفق ہوچکے ہیں کہ وہ دفعہ 35Aکے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں ہونے دیںگے ۔ شمسی کاکہناتھاکہ یہ دفعہ ریاست جموں وکشمیر کے خصوصی درجہ کو نہ صرف تقویت دے رہا ہے بلکہ اسی کی بدولت ریاست میں غربت و افلاس اتنی زیادہ نہیں ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس دفعہ کی تنسیخ پر شدید احتجاج کیاجائے گا اور پھر ایسے حالات رونما ہونے کا احتمال ہے جس کو حکومت کے لئے قابو کرنا مشکل ہوسکتاہے ۔شمسی نے کشمیری قیادت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت اختلافی باتیں اور مسائل ترک کرکے متحد ہوجائے اور ریاست کے خصوصی درجے کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے ۔