راجوری //ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے سنت نرینکاری چیریٹبل فائونڈیشن نامی تنظیم کی خون کا عطیہ دینے پر سراہنا کی ہے ۔ضلع ریڈ کراس سوسائٹی اور محکمہ صحت کے اشتراک سے تنظیم کی طرف سے منعقد ہ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد نے خون دینے والے رضاکاروں کو مبارکباد پیش کی اور ہر طرح کا تعاون دینے کا یقین دلایا۔انہوںنے محکمہ صحت کے افسران پر زور دیاکہ خون عطیہ کرنے کے بارے میں لوگوں میںجانکاری عام کی جائے اور اس طرح کے پروگرام آئندہ بھی منعقد کئے جائیں ۔انہوںنے کہاکہ یہ خوش آئند بات ہے کہ نوشہرہ میں حالیہ فائرنگ اور گولہ باری کے بعد بڑی تعدا دمیں نوجوان خون دینے آے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ وہ کوٹرنکہ ، درہال اور تھنہ منڈی میں بھی بلڈبنک کے قیام کا پرپوزل حکام کو بھیجیںگے ۔اس موقعہ پر ممبر اسمبلی راجوری چوہدری قمر حسین نے بھی کیمپ منعقد کرنے پر تنظیم کی ستائش کی ۔اس دوران 71رضاکاروں جن میں 25خواتین بھی شامل تھیں ، نے خون بطورعطیہ دیا۔سپرینڈنٹ ضلع ہسپتال راجوری ڈاکٹر محمود بجاڑ نے کہاکہ حد متارکہ پر حالیہ کشیدگی کی وجہ سے لوگوں کے زخمی ہونے کے واقعات کو دیکھتے ہوئے جمع ہوئے اس خون کو نوشہرہ اور سندر بنی بھیجاجائے گا۔اس موقعہ پر زونل انچارج سنت نرینکاری منڈل جموں وکشمیر بی پی سنگھ اور کنوینئر راجوری پونچھ انیل کپور بھی موجو دتھے ۔