راجوری+پونچھ // ضلع انتظامیہ راجوری اور پونچھ نے حالات کو کشیدہ دیکھتے ہوئے 31تعلیمی اداروں کو تا حکم ثانی بند کردیاہے جبکہ پنج گرائیں ، راجدھانی اور نائیکہ میں لگ بھگ پانچ ہزار کی آبادی متاثر ہوئی ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ فائرنگ کے مدنظر بالا کوٹ سیکٹرمیں 15سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ادھر راجوری انتظامیہ نے پیر کے روز صبح ہی اسکولوں کو بند کرنے کے احکامات جاری کر دئیے تھے لیکن تب تک کئی بچے اسکولوں میں پہنچ چکے تھے اور 120بچے پنجگرائیں کے سرکاری اسکول میں پھنس گئے۔ ہیڈ ماسٹر نے متعلقہ افسران سے رابطہ کیا جس کے بعد گولہ باری کے درمیان ان بچوں کو بحفاظت نکالا جا سکا۔ جن اسکولوں کو بند کیا گیا ہے ان میں شرما بستی، کوڑا پانی، ننگل، ٹڈیالہ، چکوا، ترتا دھرا، محل راجدھانی، کلوترہ محلہ، لال بیگ، ریپینڈی، کوٹی دھار، چکلی کے پرائمری اسکول، مڈل اسکول نائیکا، کنڈی نکڑ، پریالی، لمبی باڑی اور ہائی اسکول کوری نار و دھار شامل ہیں۔