پونچھ //سرحدی ضلع پونچھ میں کووڈ کی جانچ کے دوران 2سرکاری سکولوں میں پرنسپل سمیت 41طلباء کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ چیف ایجوکیشن آفیسر کی جانب سے جاری کردہ حکم ناموں کے تحت ان سرکاری سکولوں کو آئندہ 5دنوں کیلئے بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے ۔تحصیل منڈی کے گور نمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول میں پرنسپل سمیت 35افراد کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جن میں 34طالبات شامل ہیں ۔سرکاری سکولوں میں تدریسی عمل بحال ہونے کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے ہائر سکینڈری سکول کووڈ کی ٹیسٹنگ کے سلسلہ میں ایک کیمپ کا اہتمام کیا جس کے دوران مذکورہ طلباء کووڈ مثبت پائی گئی ۔واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ہا ئر سکینڈری سطح پر تعلیم عمل کی بحال کرنے کے بعد کووڈ کی جانچ لازمی قرار دے دی تھی اور محکمہ صحت کی جانب سے اس سلسلہ میں ایک مہم شروع کی گئی ہے جس کے تحت سکولوں میں کیمپوں کا اہتمام کیاجارہا ہے ۔اسی سلسلہ میں منگل کو محکمہ صحت کی جانب سے منڈی گرلز ہائر سکینڈری سکول میں ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران طلباء کی کووڈ جانچ کی گئی ۔چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ عبدالمجید نے معاملہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ سکول کو آئندہ پانچ دنوں کیلئے بند کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سکول پرنسپل بھی مہلوک وائرس کی زد میں آئے ہیں تاہم اس سلسلہ میں ایک مرتبہ پھر سے جانچ کروائی جائے گی ۔اس سے قبل ضلع کے گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول لسانہ میں کووڈ کی جانچ کے دورا ن 7طلباء کے کووڈ ٹیسٹ مثبت پائے گئے جبکہ چیف ایجوکیشن آفیسر پونچھ نے اس سلسلہ میں ایک حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ہائر سکینڈری سکول کو آئندہ پانچ دنوں کیلئے بند کردیا ہے ۔سکول منتظمین نے بتایا کہ ٹیسٹنگ کے سلسلہ میں 35طلباء کے نمونے حاصل کئے گئے تھے جن میں سے 7کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ۔