سرینگر //وادی میں قریب 3ہفتوں تک موسم صاف رہنے کے بعد سنیچر کو مطلع ابرآلود رہا اور سورج بادلوں کی اوٹ میںچھپ گیا جس سے سردی میں معمول سے زیادہ اضافہ ہوا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 22فروری سے مغربی ہوائیں ایک بار پھر وادی میں داخل ہو ں گی جس کے نتیجے میں پیر پنچال کے آر پار بارشیں ہو سکتی ہیں جبکہ کچھ ایک جگہوں پر ہلکی برف باری کا امکان بھی ہے ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا ہے کہ مغربی ہوائیں22 فروری کو جموںکشمیر اور لداخ پر اثر اندازہوں گی جس کے نتیجے میں 23 ، 26اور 27فروری کو موسم ابترہو سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کا اثر جنوبی کشمیر کے مقابلے میں شمالی کشمیر میں زیادہ رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ یہ بارشیں وقفے وقفے سے ہوں گی ۔ ادھرمحکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات درجہ حرارت 3.6ڈگری رہا جبکہ دن کا درجہ حرارت 17.8ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ قاضی گنڈ میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت 1.0اور دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17.0ڈگری رہا۔ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 1.2اور زیادہ سے زیادہ 14.5ڈگری تک جا پہنچا ۔ گلمرگ میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت 0.0ڈگری اور دن کا 9.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔کنگن سے نمائندے غلام نبی رینہ کے مطابق سونہ مرگ، گومری، منی مرگ، زوجیلا، دراس، گگن گیر، گنڈ، کلن اور اس کے مضافاتی علاقوں میں مطلع آبرآلود رہا جس کی وجہ سے ان علاقوں میں ایک مرتبہ پھر درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ۔کرگل ضلع کے دراس علاقے میں بعد دوپہر سے ہلکی برف باری شروع ہوگئی ۔