ڈبل انجن حکومت میں منصوبے بروقت مکمل:مودی
یو این آئی
لکھنؤ// اتر پردیش کے سب سے بڑے گرین فیلڈ پروجیکٹ گنگا ایکسپریس وے کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو ہردوئی میں کیا۔594 کلو میٹر طویل گنگا ایکسپریس وے ریاست کے بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں شامل ہے، جسے ساڑھے تین سال سے بھی کم عرصے میں مکمل کیا گیا۔ مغربی اتر پردیش کے میرٹھ کو مشرقی اتر پردیش کے پریاگ راج سے جوڑنے والا یہ ایکسپریس وے ریاست کی ترقی کو نئی رفتار دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کے شروع ہونے سے سفر کا وقت تقریباً 11 گھنٹے سے کم ہو کر صرف 6 گھنٹے رہ جائے گا۔اس منصوبے کے تحت شاہجہاں پور ضلع میں 3.5 کلو میٹر طویل ایمرجنسی لینڈنگ پٹی بھی تیار کی گئی ہے، جہاں ہندوستانی فضائیہ کے طیارے ہنگامی صورتحال میں لینڈ کر سکیں گے، جس سے اس اسٹریٹجک کوریڈور کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔12 اضلاع سے گزرنے والا یہ چھ لین کا ایکسپریس وے مستقبل میں آٹھ لین تک توسیع کی صلاحیت رکھتا ہے، جو بازاروں، صحت سہولیات، تعلیمی مراکز اور سیاحتی مقامات تک رسائی کو بہتر بنائے گا۔ اس سے عوام کو ضروری خدمات تک تیز رسائی ملے گی جبکہ تجارت اور صنعت کو بھی بہتر کنیکٹیویٹی حاصل ہوگی۔اڈانی روڈ ٹرانسپورٹ لمیٹڈ نے اس منصوبے کے تقریباً 80 فیصد (464 کلو میٹر) حصے کو تیار کیا، جبکہ باقی کام آئی آر بی انفراسٹرکچر نے مکمل کیا۔ تعمیر کے دوران 12 ہزار سے زائد مزدور اس منصوبے میں مصروف رہے۔ریاستی حکومت کے مطابق یہ ایکسپریس وے ہر سال 25 سے 30 ہزار کروڑ روپے کی لاجسٹکس بچت کرے گا، آئندہ دس برسوں میں تقریباً تین لاکھ روزگار پیدا کرے گا اور ریاست کے جی ڈی پی میں ایک لاکھ کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ کرے گا۔ اس سے مال برداری کی رفتار بڑھے گی اور مختلف شعبوں میں لاگت میں کمی آئے گی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز جمہوری عمل میں عوامی شرکت کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے شہریوں سے ریکارڈ ووٹنگ کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے سوشیل میڈیا پر ایک ٹویٹ کا اشتراک کرتے ہوئے کہا کہ ایک باشعور شہری کے طور پر ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ نہ صرف ووٹ ڈالے بلکہ جمہوریت کی بنیادوں کو مستحکم کرنے میں بھی فعال کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت، نظم و ضبط اور پاکیزہ نیت کے ساتھ عوام کی رہنمائی کرنا ہی ایک نمائندے کا اصل عزم ہونا چاہیے۔وزیر اعظم اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے دو روزہ دورے پر مصروف ہیں، جہاں انہوں نے بدھ کی صبح ایک شاندار روڈ شو کیا۔ تقریباً 14 کلومیٹر طویل اس روڈ شو کے دوران ہزاروں افراد سڑکوں کے کنارے جمع ہو کر وزیر اعظم کا خیرمقدم کرتے نظر آئے۔ کاشی وشواناتھ مندر پہنچنے پر وزیر اعظم نے ویدک منتروں کی گونج میں خصوصی پوجا ادا کی اور مذہبی رسومات انجام دیں۔
وزیر اعظم نے وارانسی میں خواتین کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تقریباً 6350 کروڑ روپے مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے اس موقع کو “ناری شکتی اور ترقی کا جشن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ملک کی ترقی کا تصور نامکمل ہے۔