سرینگر// دسویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ بورڈ امتحانات کے انعقاد کے باوجود ، بورڈ آف اسکول آف ایجوکیشن نے ابھی دو ماہ سے زیادہ گزر جانے کے باوجود بھی نتائج کا اعلان نہیں کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ د سویں اور 12ویں کے نتائج مارچ کے پہلے ہفتے میں ظاہر کئے جارہے ہیں۔یاد رہے کہ دسویں اور بارہویں جماعت کے باقاعدہ سالانہ امتحانات نومبر 2020 کے دوسرے ہفتے میں شروع ہوئے اور بالترتیب نومبر کے آخری ہفتے اور دسمبر کے دوسرے ہفتے میں اختتام پذیر ہوئے۔ امتحان میں شامل ہونے والے طلاب کا کہنا ہے کہ ان کے امتحانات کو اختتام پذیر ہوئے 3 ماہ کا عرصہ ہوچکا ہے اور ابھی بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے نتائج کا اعلان نہیں کیا ہے۔ایک طالب علم نے بتایا ’’اکتوبر2020 میں ، کورونا عروج پر تھا اور بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے 10 ویں اور 12 ویں جماعت کے امتحانات کا انعقاد کیا‘‘۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے ایک افسر نے بتایا کہ عام طور پر ان کو پرچوں کی جانچ اور نتائج کا اعلان کرنے میں 40سے45 دن لگتے ہیں ، لیکن اس سال انہیں نتائج کا اعلان کرنے میں معمول سے زیادہ وقت لگا۔اس سے قبل اکتوبر میں ، حکومت نے کوروناکی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے دسویں اور بارہویں جماعت کے طالب علموں کے لئے نصاب میں نرمی کا اعلان کیا تھا۔