یو این آئی
ماسکو//روس کی جانب سے یوکرین پر صدر پوتن کی سرکاری رہائش گاہ پر حملے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ یوکرین نے نووگورود ریجن میں صدر پوتن کی رہائش گاہ پرحملہ کیا۔رپورٹس کے مطابق حملے کے وقت صدر پوتن کے رہائش گاہ پر موجود ہونے کا نہیں بتایا گیا۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے مطابق یوکرین نے صدر پوتن کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، یوکرین نے 28اور 29دسمبر کے درمیان رہائش گاہ پر 91لانگ رینج ڈرونز فائر کئے۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے بتایا کہ یوکرین کے فائر کیے گئے تمام 91ڈرونز مار گرائے، یوکرین کا حملہ ریاستی دہشت گردی ہے، یوکرین کے ایسے غیرذمہ دارانہ اقدامات کا جواب ضرور ملے گا۔روسی وزیر خارجہ کے مطابق یوکرین کا حملہ ممکنہ امن معاہدے کی بات چیت کے دوران کیا گیا، امن بات چیت سے متعلق روس کے مقف کا ازسر نو جائزہ لیا جائے گا۔ روس امن بات چیت سے باہر نہیں نکلے گا۔دوسری جانب یوکرینی صدر زیلنسکی نے روسی صدر کی رہائش گاہ پر حملے کا الزام جھوٹ قرار دے دیا۔یوکرینی صدر نے کہا کہ روس امن بات چیت کو خراب کرنا چاہتا ہے۔