عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سیکورٹی فورسز نے وادی میں یوم جمہوریہ سے قبل معمول کی گشت تیز کر دی ہے تاکہ وادی میں پرامن تقریبات کو یقینی بنایا جا سکے۔حکام نے بتایا کہ کسی بھی مشتبہ نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے سرینگر شہر اور وادی کے دیگر مقامات پر گاڑیوں کی بے ترتیب چیکنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں یوم جمہوریہ منایا جائے گا، ان مقامات کے ارد گرد تلاشی مہم اور علاقے پر تسلط کی مشقیں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ کشمیر میں یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب بخشی سٹیڈیم میں منعقد ہوگی جہاں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ شہر اور دیگر ضلعی ہیڈکوارٹرز میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ سرینگر کے مختلف مقامات پر خاص طور پر شہر اور دیگر اضلاع کے داخلی راستوں پر ناکے قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وادی میں یوم جمہوریہ کے تقاریب کے مقامات کے ارد گرد سیکورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔حکام نے مزید کہا کہ سیکورٹی ایجنسیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور کسی کو بھی امن و امان میں خلل ڈالنے یا امن کو خراب کرنے کی اجازت نہ دیں۔اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ دہشت گرد یوم جمہوریہ سے پہلے کوئی بھی آئی ای ڈی دھماکہ کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں، اسنفر کتوں اور میٹل ڈیٹیکٹر کو کام میں لگا دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی ایجنسیاں کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہی ہیں ۔