سمت بھارگو
ریاسی //جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اعلان کیا ہے کہ اپریل ماہ سے شیو کھوڑی شرائن کو کٹرہ کے ساتھ ہیلی کاپٹر سروس کے ذریعے جوڑا جائے گا۔ اس سروس کے آغاز سے شری ماتا ویشنو دیوی شرائن کٹرہ آنے والے یاتریوں کو شیو کھوڑی درشن کے لئے بڑی سہولت حاصل ہوگی۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا شیو کھوڑی شرائن میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہوں نے شرائن سے متعلق مختلف ترقیاتی منصوبوں اور خوبصورتی بڑھانے کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ حکام نے شیو کھوڑی شرائن کو ہیلی کاپٹر سروس کے ذریعے جوڑنے کا منصوبہ تیار کیا ہے اور اس کے تحت اپریل سے کٹرہ اور شیو کھوڑی کے درمیان باقاعدہ ہیلی کاپٹر سروس شروع کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس نئی سروس کے آغاز سے شری ماتا ویشنو دیوی شرائن کے درشن کے بعد شیو کھوڑی آنے والے یاتریوں کو کافی سہولت ملے گی اور ان کے سفر کو مزید آسان بنایا جا سکے گا۔ اس اقدام سے نہ صرف یاتریوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ علاقے میں مذہبی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ شرائن کے آس پاس جاری ترقیاتی کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ یاتریوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ مقامات پر جہاں راستے تنگ ہیں وہاں متبادل ٹریک بنانے کے منصوبے پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ یاتریوں کی آمد و رفت کو آسان بنایا جا سکے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ یاتریوں کی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ شیو کھوڑی آنے والے عقیدت مندوں کو بہتر اور جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔