رمیش کیسر
نوشہرہ //لائن آف کنٹرول پر تعینات فوج کی مینکا بٹالین کا ایک جوان ڈیوٹی کے دوران حادثے کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گیا۔ ذرائع کے مطابق فوجی جوان سکھ پریت سنگھ شدید بارش کے دوران گشت پر مامور تھا کہ اچانک اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ گہری کھائی میں جا گرا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد فوجی حکام نے لاش کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی شروع کر دی۔دوسری جانب راجوری ضلع کے قلعہ درہال علاقے میں شدید بارش کے باعث ایک کچا مکان منہدم ہو گیا۔ مکان کے مالک چرن سنگھ ولد رنجیت سنگھ اور ان کے اہل خانہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے، تاہم مکان میں موجود گھریلو سامان مکمل طور پر ملبے تلے دب کر تباہ ہو گیا، جس سے خاندان کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
مسلسل بارش کے باعث مناور دریا سمیت متعدد ندی نالوں میں شدید طغیانی آ گئی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق مناور دریا خطرے کے نشان سے تقریباً دو فٹ اوپر بہہ رہا ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں رہنے والے لوگوں میں خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔پیر پنچال کے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں گزشتہ چار روز سے جاری موسلا دھار بارش نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ مسلسل بارش کے باعث مختلف علاقوں میں جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جبکہ بجلی اور پانی کی فراہمی متاثر ہونے سے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ندی نالوں میں شدید طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی سڑکیں متاثر ہوئی ہیں اور متعدد مقامات پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہے۔