راجوری//پہاڑی جوائنٹ فرنٹ نے بوائز پہاڑی ہوسٹل راجوری کے طلباء میں اشیاء تقسیم کیں ۔فرنٹ ارکان نے ہوسٹل کا دورہ کیا جہاں یہ پایاگیاکہ طلباء مشکل حالات میں رہ رہے ہیں اور انہیں بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ۔فرنٹ ارکان نے بتایاکہ طلباء کی حالت کو دیکھتے ہوئے ان میں پن ، کاپیاں ، پنسل ، شمپو ، صابن ، کپڑے دھونے والا پائوڈر اور دیگر سامان تقسیم کیاگیاہے ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے پہاڑی مشاورتی بورڈ کے ممبر تعظیم ڈار نے بتایاکہ ہوسٹل کی حالت بہت ہی خراب ہے ۔انہوںنے کہاکہ اگر پہاڑی مشاورتی بورڈ اپنی ذمہ داریاں انجام دینے میں ناکام رہاتو وہ بطور ممبر مستعفی ہوجائیںگے ۔اس دوران انجینئر ندیم مرزا نے کہاکہ پہاڑی طبقہ ہر ایک حکومت کی طرف سے سوتیلے سلوک کاشکار رہاہے اور انکے مطالبات دہائیوںسے حل طلب ہیں جن پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ انہوںنے کہاکہ وقت آگیاہے کہ ان کے دیرینہ اورجائز مطالبات پورے کئے جائیں اور ہوسٹلوں کی حالت میں بہتری لائی جائے ۔ ایک اور پہاڑی کارکن سید شاداب شاہ نے کہاکہ یہ بہت ہی بدقسمتی کی بات ہے کہ پہاڑی مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین کا تعلق راجوری سے ہے اور پھر بھی پہاڑی ہوسٹل راجوری کے طلباء بنیادی سہولیات کے بغیر رہ رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ پہاڑی طبقہ نظرانداز ہوکر رہ گیاہے اور اس کی کسی بھی مانگ کو پورانہیں کیاجارہا۔اس موقعہ پر اویناش جسیال ، عاقب وانی ، آصف بٹ ، فردوس شال ، رفیع ملک ، توصیف خان ، پرواز خان ، رجت شرما، مصطفی خان ، کامران ماگرے وغیرہ بھی موجو دتھے ۔