سرینگر// نیشنل کانفرنس نے یومِ پاکستان کے سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کو تحریری خط ارسال کرکے مبارک باد اور نیک خواہشات کے علاوہ پاکستان کیساتھ دوستی کی خواہش کے اظہار کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک مفاہمت کا یہ سلسلہ جاری رکھ کر اعتماد سازی کو دوام بخشیں گے۔ پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان گذشتہ ایام کے دوران مفاہمت اور اعتمادسازی کے جو اقدامات دیکھنے کو مل رہے ہیں ،وہ انتہائی خوش آئندہ اور حوصلہ افزاء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی طرف سے سرحدوں پر جنگ بندی معاہدے پر من و عن عمل کرنے سے سرحدوں کے قریب قیام پذیر لوگوں کو حقیقی معنوں میں راحت ملی ہے اور سرحدوں سے ہجرت کرنے والوں نے اپنے گھروں کو واپس جانا شروع کردیا ہے۔ پارٹی ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک نے رشتوں کو استوار کرنے کی جو نئی پہل کی ہے وہ قابل ستائش ہے اور برصغیر کے پائیدار امن کے علاوہ دونوں ممالک کے عوام کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا راز اسی میں مضمر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نیشنل کانفرنس بھارت اور پاکستان کے درمیان دو سال کے بعدنئی دہلی میں دوروزہ آبی مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کا بھی خیر مقدم کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اُمید کرتے ہیں کہ دونوں ممالک آپسی رشتوں کو مضبوط کرکے تمام مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوستی کی حامی رہی ہے اور ہمیشہ اس بات کی وکالت کرتے آئی ہے کہ آر پار جموں و کشمیر کے تمام راستے کھولے جائیں تاکہ لوگوں کا آپس میں رابطہ بحال ہو ۔