عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی//تھنہ منڈی کے نواحی علاقے ہسپلوٹ پٹیاں وارڈ نمبر 5 کے مکینوں نے پیر کے روز پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کے خلاف جل شکتی محکمہ کی مبینہ لاپرواہی پر پْرامن احتجاج کیا۔ احتجاج میں شامل مقامی باشندوں نے محکمہ کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار درخواستیں اور شکایات درج کرانے کے باوجود علاقے میں پانی کی مناسب فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی موثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے گاؤں کو سنگین آبی بحران کا سامنا ہے جس کے باعث روزمرہ کی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
لوگوں کے مطابق پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی نے عوام کو سخت مشکلات میں ڈال دیا ہے اور انہیں بنیادی ضرورت کے حصول کے لیے بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔احتجاج میں شامل افراد نے بتایا کہ گاؤں کے کئی خاندانوں کو پینے کا پانی حاصل کرنے کے لئے دور دراز مقامات کا رخ کرنا پڑتا ہے۔ خاص طور پر خواتین، بزرگوں اور بچوں کو پانی لانے کے لئے لمبا فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے جس سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ پانی جیسی بنیادی سہولت کی عدم دستیابی نے علاقے کے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔مقامی باشندوں کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اس مسئلے کو کئی مرتبہ متعلقہ حکام کے سامنے اٹھایا اور تحریری طور پر بھی محکمہ جل شکتی کو شکایات پیش کیں، تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اب تک اس مسئلے کے حل کے لیے کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔ اس صورتحال کے باعث عوام میں شدید بے چینی اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔مظاہرین نے جل شکتی محکمہ کے اعلیٰ حکام اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس سنگین مسئلے کا نوٹس لیں اور علاقے میں پینے کے صاف پانی کی باقاعدہ اور مستقل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر جلد از جلد اس دیرینہ مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو وہ اپنے احتجاج کو مزید وسیع کریں گے اور بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر آواز بلند کرنے پر مجبور ہوں گے۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے بھی اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو ہدایات جاری کریں تاکہ ہسپلوٹ پٹیاں وارڈ نمبر 5 کے مکینوں کو درپیش پانی کی شدید قلت کا مستقل حل نکالا جا سکے اور عوام کو بنیادی سہولت میسر آ سکے۔