جموں//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے کل ایوان میں جاوید حسین بیگ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت مائیکرو بیالوجی مضمون ہائیر سکینڈری سطح پر متعارف کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے ۔ راجیو شرما کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ڈگری کالج اکھنور میں منظور شدہ 54 تدریسی اور غیر تدریسی آسامیوں میں سے 43 کام کر رہی ہیں جبکہ 11 آسامیاں خالی پڑی ہیں ۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی محکمے میں لیکچرروں اور اسسٹنٹ پروفیسروں کی آسامیاں پبلک سروس کمیشن کی طرف سے وضح کئے گئے قوانین کے مطابق پُر کی جاتی ہیں۔ سید محمد الطاف بخاری نے قانون ساز اسمبلی میں پون گپتا کی توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں مختلف سطحوں پر 8 ہزار آسامیاں وجود میں لائی جا رہی ہیں تا کہ اپ گریڈ کئے گئے سکولوں میں افرادی قوت کو تقویت بخشی جا سکے ۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ جاری تقرری کا عمل پورا کرنے کے بعد اپ گریڈ کئے گئے سکولوں میں 10+2 سطحوں پر بھی آسامیاں وجود میں لائی جائیں گی ۔ادھرتعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی ایوان کو یاسر ریشی کی توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاست بھر میں اس وقت 20ڈگری کالجوں کی عمارتوں پر کام شد و مد سے جاری ہے اور ان میں سے 4کو مارچ 2018 ء جبکہ باقی ماندہ عمارتوں کو اگلے دو مالی برسوں کے دوران مکمل کیا جائے گا۔موصوفہ نے کہاکہ موجودہ کالجوں کو تمام تر سہولیات سے لیس کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں اس وقت تین گورنمنٹ انجینئرنگ کالج کام کر رہے ہیں۔