پونچھ// حلقہ پنچایت گونتریاں کے محلہ خواجہ کا ٹرانسفارمر ایک ہفتہ قبل خراب ہو گیا تھا جس کے بعد اسے مرمت کرکے دوبارہ نصب نہیں کیاگیا اور نہ ہی محکمہ کی طرف سے کوئی متبادل انتظام کیاگیاہے ۔ مقامی لوگوں نے کئی بار متعلقہ محکمہ بجلی کے افسران سے رابطہ کر کے ٹرانسفامر کی مرمت کرنے کی اپیل کی لیکن ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد بھی ٹراسفارمرکی مرمت نہیں کی جاسکی ہے ۔اس حوالے سے مقامی لوگوں نے غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کے ملازم اور افسر اپنا کام ذمہ داری سے انجام نہیں دیتے ۔ عبدالمجید نے کہا کہ بجلی کی موجودہ دور میں اس قدر اہمیت ہے کہ اس کے بغیر رہا نہیں جاسکتالیکن ایسے دور میں بھی انہیں ہفتوں تک گھپ اندھیرے میں رہناپڑرہاہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں بجلی ہر فرد کی زندگی کا اہم حصہ بن چکی ہے لیکن کچھ لوگوں کی نا اہلی کی وجہ سے عوام کو اس اہم ضرورت سے محروم رہنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک تو گونتریاں بالکل سرحد کے قریب واقع ہے جہاں سرحدی کشیدگی نے ان کا جینا حرام کررکھاہے اور اوپر سے بجلی سے محرومی بھی پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگر سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ محکمہ کے افسران کو ہدایت دیں کہ وہ بجلی ٹرانسفارمر جلد از جلد ٹھیک کروائیں ۔