ڈوڈہ //جموں و کشمیر ٹیچر فورم نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کلہوتران میں ایک روزہ تعلیمی کانفرنس کا انعقاد کیا۔ اس دوران سماجی، تعلیمی، ثقافتی، معاشی و صحافتی شعبہ سے وابستہ پچاس اشخاص کو ان کی بہترین خدمات پر اعزازی اسناد سے بھی نوازا گیا۔ پرنسپل ڈگری کالج کلہوتران ڈاکٹر جاوید زرگر کی صدارت میں منعقد تقریب میں ایس ڈی ایم گندوہ ڈاکٹر پریتم لال تھاپا ،چیف میڈیکل آفیسر ڈوڈہ ڈاکٹر محمد یعقوب میر ،رائفل نشانہ بازی کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی چین سنگھ، پرنسپل ہائر سیکنڈری کلہوتران کلجیش کاٹل،پروفیسر ڈاکٹر عاشق حسین، مصنف اسیسٹنٹ رجسٹرار ڈاکٹر ذاکر ملک بھلیسی،بی ڈی سی چیئر پرسن بھلیسہ و چنگا چوہدری محمدحنیف و محمد عباس راتھر کے علاوہ اساتذہ، طلباءو سیول سوسائٹی ممبران نے شرکت کی۔ خطبہ استقبالیہ چیئرمین ایجوکیشنل اینوائرمنٹل سوسائٹی محمد ایوب راتھر نے پیش کیا ،وہیں ٹیچر فورم کے چیف کوآڈینیٹر جماعت علی آگاہ نے تقریب میں شامل ہوئے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ اس موقع پر بولتے ہوئے مقررین نے جہاں نئی تعلیمی پالیسی پر مختلف پہلوو¿ں سے روشنی ڈالی، وہیں پسماندہ علاقوں میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کیلئے بھی نئی حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا۔ تقریب کے دوران ثقافتی پروگرام پیش کیا گیا جبکہ اختتام پر مختلف شعبوں سے وابستہ 50 افراد کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی۔ مقررین نے ٹیچر فورم کی طرف سے اسطرح کا سیمینار منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد انیس وانی نے خوش اسلوبی سے انجام دیئے، وہیں ضلع صدر ٹیچر فورم چوہدری محمد یاسین نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔اس موقع پر چیف آرگنائزر درشن شرما،صوبائی نائب صدر اسحاق رشید ملک،ضلع صدر جموں بھارت بھوشن، بی ایل شرما ضلع منیجر ایس بی آئی انشورنس، ماسٹر شوکت علی متو، ماسٹر محمد اسلم ملک، کلدیپ ورما، پی ڈی سنگھ ،ضلع صدر مہلا ونگ اسمہ پرویز، الکلہ شرما، شبینہ ملک جعفر ماگرے نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔