جموں //گورنر این این ووہرا کی صدارت میں ضلع ترقیاتی بورڈ جموں کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع میں عملائے جا رہے ترقیاتی پروگراموں کی عمل آوری کا جائیزہ لیا گیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر رومیش کمار نے پرذنٹیشن کے ذریعے ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کی تفصیل بتاتے ہوئے مطلع کیا کہ دستیاب 169.75 کروڑ روپے میں سے 168.68 کروڑ روپے خرچ کئے گئے جبکہ 564 کلو میٹر سڑکوں کی میکڈمائیزیشن کی گئی ، 50 واٹر سپلائی سکیموں کی تکمیل ، مختلف محکمہ جات کی دس عمارات کی تکمیل کے علاوہ منریگا کے تحت 17 لاکھ ایام کار فراہم کئے گئے ۔ متعلقہ ممبرانِ قانون سازیہ نے مختلف ترقیاتی امور اجاگر کرتے ہوئے پرگوال پُل ، جموں اکھنور شاہراہ ، رنگ روڈ پروجیکٹ ، مبارک منڈی و رگھوناتھ بازار پروجیکٹ ، سوچیت گڑھ پروجیکٹ ، سیما بھونوں کی تعمیر اور سرحدی علاقوں میں بنکروں کی تعمیر کے پروجیکٹوں میں سرعت لانے کی مانگ کی ۔ انہوں نے اپنے متعلقہ حلقہ جات سے جڑے مختلف مطالبات بھی سامنے رکھے ۔ ممبران نے متعلقہ علاقوں میں انسدادِ سیلاب سے متعلق کاموں کو شروع کرنے کی مانگ کی ۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی سراہنا کی ۔ گورنر نے اراکین کو بتایا کہ اُن کے دورے کا مقصد مختلف ترقیاتی کاموں کے حوالے سے فیڈ بیک حاصل کرنا اور اضافی وسائل کی ضروریات کا جائیزہ لینا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی بلدیاتی اداروں میں انتخابات کی تاخیر سے ریاست کو ترقیاتی معاونت کے محاذ پر نقصانات اٹھانے پڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے پنچائتی اور شہری بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تمام پارٹیوں کا تعاون طلب کیا ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اُن کی انتظامیہ عوام دوست اور کورپشن سے پاک انتظامیہ فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے ۔ مختلف مطالبات کے حوالے سے گورنر نے کہا کہ ان کے ازالے کیلئے اُن کے صلاحکار متعلقین کے ساتھ ضروری میٹنگیں کریں گے ۔ گورنر نے صلاحکار خورشید گنائی کو اولڈ ایج اور بیواؤں اور جسمانی طور ناخیز افراد کے پینشن سے جُڑے معاملات کا فوری طور جائیزہ لینے کے علاوہ مختلف کاموں میں تاخیر کی وجوہات پر غور کرنے کی گذارش کی ۔ گورنر نے صوبائی اور ضلع انتظامیہ کو اراکین کی طرف سے ابھارے گئے معاملات پر فوری موثر کاروائی کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے صوبائی کمشنر کو مختلف پروجیکٹوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے نوڈل ایجنسی کے طور کام کرنے کے بھی احکامات دئیے ۔ ضلع میں پانی کی بڑھتی قلت کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے گورنر نے پلاننگ سیکرٹری کو چناب سے پانی اٹھانے کیلئے واٹر سپلائی سکیم پروجیکٹ پر غور کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے علاقے میں مختلف کاموں میں سرعت لانے کیلئے اضافی طور 50 کروڑ روپے واگذار کرنے کے احکامات دئیے ۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو مختلف کاموں کی تکمیل کے حوالے سے فوری طور ایکشن پلان تشکیل دینے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ میں گورنر کے صلاحکار بی بی ویاس ، کے وجے کمار ، خورشید گنائی ، ممبرانِ پارلیمنٹ جگل کشور شرما ، شمشیر سنگھ منہاس ، ضلع کے اراکین قانون سازیہ کویندر گپتا ، سکھنندن چودھری ، شام لال چودھری ، ست شرما ، بالی بھگت ، دویندر سنگھ رانا ، پریا سیٹھی ، راجیش گپتا ، راجیو شرما ، ڈی کے منیال ، ڈاکٹر گگن بھگت ، ڈاکٹر کرشن لال ، کمل ارورہ ممبرانِ قانون ساز کونسل اشوک کھجوریہ ، رومیش ارورہ ، ٹھاکر بلبیر سنگھ ، جی ایل رینہ ، وکرم رندھاوا ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، پرنسپل سیکرٹری پلاننگ روہت کنسل ، انتظامی سیکرٹری پون کوتوال ، ہردیش کمار ، خورشید احمد شاہ اور ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما نے شرکت کی۔