محتشم احتشام
پونچھ//گوجر بکر وال ایمپلائز ایسوسی ایشن جموں و کشمیر یوٹی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر عبدالرحیم راتھر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفد نے گوجر و بکر وال ملازمین اور پوری برادری کو درپیش دیرینہ، جائز اور نہایت اہم مسائل پر مشتمل ایک تفصیلی اور جامع یادداشت پیش کی۔اس وفد کی قیادت چیئرمین جی بی ای اے (جموں و کشمیر یوٹی) چودھری محمد اسعد نعمانی کر رہے تھے، جبکہ وفد میں یونین ٹیریٹری اور صوبائی سطح کے سینئر عہدیداران اور نمائندگان شامل تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے اسپیکر اسمبلی کو گوجر و بکر وال برادری کو درپیش مسلسل نظراندازی، انتظامی رکاوٹوں اور سماجی و معاشی مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا، بالخصوص روزگار، تعلیم، فلاح و بہبود اور ثقافتی تحفظ جیسے بنیادی شعبوں میں درپیش مشکلات پر روشنی ڈالی۔یادداشت میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ریزرویشن پالیسیوں اور شیڈول ٹرائب (ایس ٹی) فلاحی اسکیموں پر مؤثر اور مکمل عمل درآمد ناگزیر ہے۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ ترقیوں اور اعلیٰ تعلیم میں ریزرویشن کو یقینی بنایا جائے، آر آر ای ٹی اساتذہ کو یک وقتی ترقیاتی فوائد میں شامل کیا جائے، اساتذہ سے ماسٹرز اور ماسٹرز سے ہیڈ ماسٹرز تک محکمانہ ترقیاتی کمیٹیوں (ڈی پی سیز) کے اجلاس فوری طور پر منعقد کئے جائیں، قبائلی و دور دراز علاقوں کے اسکولوں میں عملے کی مناسب تعیناتی کی جائے، زیر التوا جی پی ایف معاملات کی فوری منظوری دی جائے اور ایس ٹی فلاحی اسکیموں کو بحال کیا جائے۔وفد نے قبائلی طلبہ کے لئے ہاسٹلز کی تعمیر، اسکالرشپس میں اضافہ، سرکاری خدمات میں گوجر و بکر وال نوجوانوں کی مؤثر نمائندگی، قبائلی علاقوں میں صحت سہولیات کی بہتری، دور دراز و پہاڑی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، ہنر مندی و پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرنے، موسمی اساتذہ کو ٹی اے/ڈی اے کی ادائیگی اور دشوار گزار علاقوں میں اسمارٹ حاضری نظام سے استثنا دینے جیسے مطالبات بھی پیش کئے۔اس موقع پر معزز اسپیکر اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے وفد کی باتوں کو توجہ سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ پیش کئے گئے تمام مسائل کو مناسب سطح پر سنجیدگی سے زیر غور لایا جائے گا۔ انہوں نے انصاف، مساوات اور جامع ترقی کے تئیں اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔آخر میں، گوجر بکر وال ایمپلائز ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی کہ حکومت ان دیرینہ مطالبات کے حل کیلئے سنجیدہ، بامقصد اور مقررہ مدت کے اندر عملی اقدامات کرے گی، تاکہ جموں و کشمیر میں سماجی انصاف، مساوی مواقع اور جامع ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔وفد میں چودھری فاروق احمد کھٹانہ، چودھری معراج الدین پسوال، چودھری جی آر بنیا، شفیق چوہان، چودھری محمد رفیع بجار، مشتاق احمد ٹھکری، چودھری فاروق تنہا، چودھری ادریس بجار، چودھری محمد یونس لیڈر، چودھری ندیم احمد سمیت یونین ٹیریٹری اور صوبائی سطح کے دیگر عہدیداران شامل تھے۔