رمیش کیسر
نوشہرہ//پیر پنچال کے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں جمعہ کی صبح سے جاری موسلادھار بارش نے موسم میں نمایاں تبدیلی پیدا کر دی ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں کافی کمی واقع ہوئی ہے اور سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے۔مسلسل بارش کے سبب لوگوں کو دوبارہ گرم کپڑے پہننے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے، جبکہ معمولات زندگی بھی کسی حد تک متاثر ہوئے ہیں۔ تاہم اس بارش کو کسان طبقہ نہایت خوش آئند قرار دے رہا ہے کیونکہ یہ گندم سمیت دیگر فصلوں کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو رہی ہے۔مقامی کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ موسم سرما میں بارش نہ ہونے کے برابر تھی، جس کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا، لیکن مارچ کے مہینے میں شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ اب اپریل میں بھی جاری ہے، جس نے فصلوں کے لیے امید کی نئی کرن پیدا کی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بارش سے زمین میں نمی بڑھے گی، جس سے گندم کی فصل کی پیداوار بہتر ہونے کی توقع ہے، جبکہ دیگر زرعی سرگرمیوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ماہرین کے مطابق یہ بارش نہ صرف فصلوں کے لیے مفید ہے بلکہ آنے والے موسم گرما میں پانی کی قلت کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔ زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ ہوگا اور چشموں و ندی نالوں میں پانی کی مقدار بہتر ہو جائے گی، جس سے عوام کو پینے کے پانی کی ممکنہ قلت سے بھی راحت ملے گی۔علاقہ مکینوں نے اس بارش کو قدرت کی نعمت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ سلسلہ مزید کچھ دن جاری رہے گا تاکہ زرعی اور آبی ضروریات پوری ہو سکیں۔