جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے گردھاری لال ڈوگرہ میموریل ٹرسٹ کی طرف سے جموں میں گردھاری لال ڈوگرہ کی31 ویں برسی پر منعقدہ ایک تقریب میں انہیں خراج پیش کیا۔آنجہانی کو خراج پیش کرتے ہوئے گورنر نے انہیں ایک دُور اندیش لیڈر قرار دیا جنہوں نے پسماندہ طبقوں کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے تندہی سے کام کیا۔ گورنر نے کہا کہ ریاست کی اقتصادیات کو فروغ دینے میں گردھاری لال نے وزیر خزانہ کے طور کافی اہم رول ادا کیا اور سماج کے پسماندہ طبقوں کی بہبودی کے لئے بھی کئی انقلابی اقدامات کئے۔قانون ساز اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ، جموں میونسپل کارپوریشن کے مئیر چندر موہن گپتا، نائب مئیر، سابقہ اراکین قانون سازیہ، آنجہانی گردھاری لال ڈوگرہ کی بیٹی سنگیتا جیٹلی اورا ن کے کنبے کے کئی دیگر افراد اس موقعہ پر موجود تھے۔ادھر وشو ہندو پریشد کے ایک وفد نے یہاں راج بھون میںگورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی ۔ وفد کے ممبران نے ریاست جموں وکشمیر کے ہندو طبقے اور سنت برادری کی جانب سے انہیں ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کیلئے مرکزی سرکار کی طرف سے قانون بنانے کے لئے میمورنڈم پیش کیا۔