گاندربل//ضلع میں کووِڈ۔ 19 کی دوسری لہر کا مقابلہ کرنے کے لئے تیاریوں اور سہولیات کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جوتسنا نے آج کہا کہ لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ ضلع کسی بھی کووِڈہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ضلع میں 24 گھنٹے پاور بیک اَپ کے ساتھ لگ بھگ 197 آکسیجن بیڈکے علاوہ 175 بڑے آکسیجن سلنڈر ، 195 چھوٹے آکسیجن سلنڈر اور قریباً40 آکسیجن کنسنٹریٹردستیاب ہیں۔اُنہوں نے مثبت معاملات کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ اِس وقت ضلع میں زائد اَز 1000 معاملات سرگرم ہیں اور 50 کے قریب اَفراد ضلع ہسپتال میں داخل ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ گھروں میںقرنطین مثبت اَفراد کی مناسب دیکھ ریکھ یقینی بنائی جاتی ہے ۔ اِس کے علاوہ ان مریضوں کو کورونا کٹس بھی فراہم کئے جاتے ہیں جن میں ضروری اَدویات بھی شامل ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ وَبائی بیماری کی بڑھتی ہوئی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے کووِڈ انفیکشن کی دوسری لہر پہلے کی نسبت زیادہ مہلک ہے ۔ اُنہوں نے ضلع کے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ بار بار ہاتھ دھونے ، سماجی دُوری برقرار رکھنے اور ماسک پہننے جیسے کورونا مناسب طرزِ عمل کو خود کو بچانے کا واحد راستہ اَپنائیں۔انہوں نے کووِڈ ویکسی نیشن مہم کے بارے میں پیش رفت کے بارے میںتفصیل دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں 94 ویکسی نیشن جگہیں سرگرم عمل ہیں اور 45 سال سے زیادہ عمر کے تقریباً 97 فیصد آبادی کو کورونا مخالف حفاظتی ٹیکے لگائے گئے ہیں۔ اُنہوں نے اُن لوگوں سے اپیل کی جنہوں نے ابھی تک حفاظتی ٹیکے نہیں لگائے ہیں،وہ ان کو جلد از جلد لگائیں ۔انہوں نے عوام الناس سے مزید اپیل کی کہ وہ علامات کو نہ چھپائیں اور فوری طور پر قریبی میڈیکل پریکٹیشنر سے رابطہ قائم کریں یا اَپنی قیمتی جان بچانے کے لئے اِبتدائی طبی اِنٹرونشن کے لئے فون نمبر 0194-2416244پر کووِڈ ہیلپ لائن سینٹر کو کال کریں۔کرتیکا جیوٹسنا نے کنٹین منٹ زون کے بارے میںجانکاری دی کہ اِس وقت ضلع میں 39 علاقوں کو کنٹینٹ زون کے طور پرقرار دیا گیا ہے جہاں تمام ضروری سامان مہیا کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کوکسی بھی قسم کی تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اُنہوں نے عوام ، پولیس ، پی آرآئی اور میڈیا کو ان کی مجموعی طور پرتعاون اور ضلع میں کووِڈ انفیکشن سے نمٹنے میں ان کے فعال کردار کے لئے بھی سراہا۔