راجوری //پہاڑی ہوسٹل راجوری کے طلباء نے ہوسٹل انتظامیہ پر بدانتظامی کا الزام عائد کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ بڑی تعداد میں طلباء ایک ریلی کی شکل میںڈپٹی کمشنر دفتر کے باہر پہنچے اور انہوںنے ہوسٹل انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مقامی سڑک بند کردی ۔ انہوںنے الزام لگایاکہ انتظامیہ ان کے ساتھ ناانصافی کرتی ہے اور بدانتظامیاں پائی جارہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ نہ ہی معیاری کھانا ملتاہے اور نہ ہی پانی کی سپلائی ہورہی ہے جس کی وجہ سے وہ مشکل حالات میں رہ رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ رقومات کے استعمال میں بھی بے ضابطگیاں کی جارہی ہیں اور یہ تمام معاملات پہاڑی بورڈ کے حکام کے نوٹس میں بھی لائے گئے لیکن بدقسمتی سے کسی نے کوئی کارروائی نہ کی ۔ انہوںنے کہاکہ پہاڑی بورڈ کے وائس چیئرمین جن کا تعلق راجوری سے ہی ہے ،ان کے مسائل سے واقف ہیں لیکن انہوںنے بھی کوئی کارروائی نہیں کی ۔احتجاج کی وجہ سے کھیورہ سے بس اڈہ اور گوجر منڈی کی طرف آنے والی سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی ۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے تحصیلدار راجوری سلام دین اور ایس ایچ او راجوری موقعہ پر پہنچے اور انہوںنے ڈپٹی کمشنر کی طرف سے یقین دلایاکہ ان کے مطالبات کوپور اکیاجائے گااور اس سلسلے میں تحقیقات بھی کی جائیںگی۔اس یقین دہانی پر طلباء نے اپنا احتجاج ختم کردیا تاہم انہوںنے انتباہ دیاکہ اگر مطالبات پورے نہ ہوئے تو وہ آئندہ دنوں بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پہاڑی مشاورتی بورڈ کے وائس چیئرمین کا تعلق راجوری سے ہے اور راجوری سے بڑی تعداد میں بورڈ ممبران بھی ہیں لیکن سبھی ہوسٹل کے طلباء کے مطالبات پر خاموش ہیں اور نظام میں بہتری لانے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیاجارہا۔