عظمیٰ نیوزسروس
جموں//کٹھوعہ ضلع کے حکام نے بتایا کہ دو بدنام زمانہ مجرموں کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ضلع کٹھوعہ کی پولیس نے ایک سرکاری بیان میں کہا کہ ایک عادی مجرم اور مویشی سمگلر کو مویشی سمگلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کے بعد سیفٹ ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔حراست کا حکم ضلع مجسٹریٹ کٹھوعہ کی ہدایت پر جاری کیا گیا اور مجرم کے خلاف وارنٹ جاری کیا گیا، جس کی شناخت پولیس نےمظفرحسین کے طور پر کی، جو غلام نوابی شاہ کے بیٹے ہیں۔پولیس نے مزید بتایا کہ ایس ایچ او لکھن پورنیرج چودھری کی قیادت میں ایک ٹیم نے مجرم کو گرفتار کر کےپبلک سیفٹی ایکٹ 1978 کی دفعہ 8 (1)(A) کے تحت وارنٹ نافذ کیا۔مجرم ایک عادی مجرم اور مویشی اسمگلر تھا اور متعدد مقدمات میں ملوث رہاہے۔اسی طرح کٹھوعہ میں ایک اور عادی مجرم اور مویشی سمگلر کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا۔پولیس نے اس مجرم کی شناخت امت کمارکے طور پر کی، جو تھورو رام کے بیٹے ہیں۔ ایک پولیس ٹیم نے مجرم کو گرفتار کیا اور پبلک سیفٹی ایکٹ 1978 کی دفعہ 8 (1)(A) کے تحت وارنٹ نافذ کیا، جو ضلع مجسٹریٹ کٹھوعہ نے پولیس ضلع کٹھوعہ کی رپورٹ وصول ہونے کے بعد جاری کیا تھا۔یہ مجرم بھی ایک عادی مجرم اور مویشی اسمگلر تھا اور متعدد مقدمات میں ملوث رہاہے۔پولیس نے بتایا کہ یہ مجرم پچھلے چند ماہ سے گرفتاری سے بچ رہاتھا۔