عاصف بٹ
کشتواڑ // انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ایک اہم پیش رفت میں، سیکورٹی فورسز نے جمعہ کو جموں اور کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں ایک تصادم میں جیش محمد سے منسلک ایک سرکردہ پاکستانی ملی ٹینٹ کو ہلاک کر دیا۔جموں رینج کے انسپکٹر جنرل آف پولیس، بھیم سین ٹوٹی نے بتایا کہ ملی ٹینٹ کو بلاور کے جنرل علاقے میں مشترکہ آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا۔جموں پولیس کے سربراہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “ایک پاکستانی جیش ملی ٹینٹ کو پولیس کی ایک چھوٹی ٹیم نے بلاور کے عام علاقے میں فوج اور سی آر پی ایف کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں بے اثر کر دیا ۔”حکام نے ہلاک ملی ٹینٹ کی شناخت جیش کمانڈر عثمان عرف “ابو ماویہ” کے طور پر کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارہتر علاقے کے ایک دور افتادہ گائوں میں آپریشن کے دوران اس کے پاس سے ایک ایم 4 آٹومیٹک رائفل سمیت بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔فوج کی رائزنگ سٹار کور نے X پر ایک علیحدہ پوسٹ میں کہا کہ عثمان سرحد پار سے اس طرف دراندازی کرنے کے بعد پچھلے دو سالوں سے ادھم پور-کٹھوعہ پٹی میں سرگرم انتہائی مطلوب ملی ٹینٹوں میں سے ایک تھا۔ دریں اثنا، سیکورٹی فورسز نے جمعہ کو چھٹے دن بھی ضلع کشتواڑ کے چھاتروپٹی میں سونار، مندرل-سنگھ پورہ اور ملحقہ جنگلاتی علاقوں میں جیش محمد کے 3ملی ٹینٹوں کی تلاش کے لیے اپنی کارروائی جاری رکھی۔حکام نے بتایا کہ علاقے میں برف باری کے باوجود آپریشن جاری رہا۔ فوج کی طرف سے ‘آپریشن تراشی-I’ کے نام سے منسوب، آپریشن اتوار کو علاقے میں شروع کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک پیرا ٹروپر ہلاک اور 8 فوجی زخمی ہوئے۔ پیر کو ایک بڑے ٹھکانے کو تباہ کر دیا گیا۔