جموں //انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں زون مکیش سنگھ نے کہا کہ پولیس نے عسکریت پسند تنظیموں سے مبینہ تعلقات کے الزام میں ایک نوجوان کو جموں ائیرپورٹ پر کویت سے واپسی پر گرفتار کیا ہے۔گرفتار نوجوانوں کی شناخت شیر علی ساکن ڈارگلون مینڈھر پونچھ کے طور ہوئی ہے ۔آئی جی پولیس جموں زون مکیش سنگھ نے بتایا کہ گرفتار نوجوان مختلف عسکریت پسند گروپوں کا مرکزی رابطہ کار اور سہولت کار تھا جس میں عسکریت پسندوں کی دراندازی ، اسلحہ اور گولہ بارود کی اسمگلنگ اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے پونچھ کے علاقے بالاکوٹ سے پونچھ جانا شامل تھا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کو ایف آئی آر زیر نمبر 292/2020 کے تحت گرفتار کیا ہے جبکہ گرفتار کیاگیا نوجوان ضلع پونچھ کے دیگر بہت سے معاملات میں بھی ملوث ہے۔انہوں نے کہا کہ شیر علی 24 نومبر اور 25 نومبر 2020 کو پاکستانی ہینڈلر یعنی سلطان کے کہنے پر بالاکوٹ سیکٹر کے علاقے ڈبی سے دو پاکستانی عسکریت پسندوں کو بھیجنے میں ملوث تھا۔ تاہم آئی جی پی نے مزید کہا کہ فورسز نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ان دونوں عسکریت پسندوں کو 13 دسمبر ، 2020 کو ضلع پونچھ کے سرنکوٹ کے پوشانہ علاقے میں ہلاک کیا تھا ۔آئی جی پی نے مزید بتایا کہ شیر علی نے مینڈھر کے بالاکوٹ سیکٹر کے ذریعے اسلحہ اور گولہ بارود کی سمگلنگ کی جس میں 3 پستول اور 1 آئی ای ڈی و دیگر گولہ بارود بھی شامل تھے۔انہوں نے کہا اس کے بعد اس کے اس کے والد اور دیگر افراد کو پولیس نے 11دسمبر 2020کو گرفتار کیا اور اس کے خلاف مینڈھر پولیس سٹیشن میں ایک ایف آئی آر بھی درج کیا گیا ۔ آئی جی نے مزید بتایا کہ انہوں نے پانچ اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیو) کو گرفتار کیا ہے جو شیر علی کی سربراہی میں عسکریت پسندوں کے نیٹ ورک میں کام کر رہے تھے۔گرفتار پانچ او جی ڈبلیوز کی شناخت مصطفی، ساکن کندی گالوٹا ، محمد یاسین ساکن ڈبی بالاکوٹ ، یونس ، عرفان اور رسکیم کے نام سے ہوئی ہے۔