عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی /پٹرول، ڈیزل اور سی این جی کے بعد اب تیل کمپنیوں نے ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں بھی اضافہ کیا ہے۔ کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں فی سلنڈر 42 روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ 5 کلوگرام فری ٹریڈ ایل پی جی (FTL) سلنڈر کی قیمت میں بھی 11 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
دہلی میں اب اس کی قیمت 821.50 روپے ہو گئی ہے۔ راجدھانی میں 19 کلوگرام والے کمرشل سلنڈر کی قیمت اب بڑھ کر 3,113.50 روپے فی سلنڈر ہو گئی ہے۔ کولکاتا میں 19 کلوگرام والے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 3,255.50 روپے فی سلنڈر ہو گئی ہے۔ گھریلو استعمال کے 14.2 کلوگرام ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
کمرشل گیس سلنڈروں کی قیمتوں میں اضافے سے براہِ راست ہوٹلوں، ریستورانوں، شادیوں اور تقریبات میں کیٹرنگ خدمات فراہم کرنے والے آپریٹروں اور دیگر غذائی کاروبار سے وابستہ تاجروں کے بجٹ پر اثر پڑے گا۔ یہ لوگ بڑھتی ہوئی لاگت آگے صارفین پر منتقل کر سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں ہوٹلوں اور ریستورانوں میں کھانا مہنگا ہو سکتا ہے۔
رواں سال کمرشیل سلنڈر کی قیمتوں میں فروری میں 49 جب کہ مارچ میں 115 روپئے کا اضافہ ہوا تھا ۔ اس کے بعد یکم اپریل کو بھی 19 کلوگرام والے کمرشل سلنڈر کی قیمت میں اضافہ کیا گیا تھا۔ اس وقت تیل کمپنیوں نے اس کی قیمت میں 993 روپے کا بھاری اضافہ کیا تھا۔ تب دہلی میں کمرشل سلنڈر کی قیمت 2,078.50 روپے سے بڑھ کر 3,071.50 روپے ہو گئی تھی۔ 5 کلوگرام والے سلنڈر کی قیمت میں بھی 261 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔
کمرشل گیس سلنڈر مہنگا، فی سلنڈر 42 روپئے کا اضافہ