سرینگر/ پاکستان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے مطالبہ کیاہے کہ جموں وکشمیرکے عوام کے بنیادی حقوق کی پاسداری یقینی بنائی جائے۔سی این آئی کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی نے جنیوامیں کونسل کے 47ویں اجلاس سے تقریرکرتے ہوئے کہاکہ پانچ اگست دوہزارانیس کے بھارت کے غیرقانونی اقدام کے باعث جموں وکشمیرمیں صورتحال مزیدبگڑگئی ہے۔پاکستانی مندوب نے وادی میں بڑے پیمانے پرانسانی حقوق کے منظم جرائم پربھارت کوانصاف کے کٹہرے میں لانے پربھی زوردیا۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کے عالمی علمبرداروں کو ان باتوں پرعملدرآمدیقینی بناناچاہیے جن کی وہ ترویج کرتے ہیں۔خلیل ہاشمی نے کہاکہ بھارت متنازعہ علاقے میں تیزی سے آبادی کاتناسب تبدیل کرکے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اورچوتھے جنیواکنونشن کی مسلسل خلاف ورزی کررہاہے۔