عاصف بٹ
جموں// کشتواڑ ضلع کے بالائی علاقوں میں منگل کو تیسرے دن ملی ٹینٹوں کیخلاف بڑے پیمانے پر تلاشی مہم کے دوران کئی افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا، تاہم حکام نے اسکی تصدیق نہیں کی ہے۔یہ آپریشن اتوار کو چھاترو بیلٹ میں مندرال سنگھ پورہ کے قریب سونار گائوں میں شروع کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک گولی باری ہوئی جس میں 2پیرا یونٹ سے وابستہ ایک پیرا ٹروپر حوالدار گجیندر سنگھ ہلاک اور 7دیگر زخمی ہوئے۔ملی ٹینٹ جنگل کے گہرے علاقے میں فرار ہو گئے، لیکن ان کے مضبوط ٹھکانے، جس میں کھانے پینے کی اشیا، کمبل اور برتنوں سمیت سرما کا ذخیرہ بھرا ہوا تھا، کو تباہ کر دیا گیا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس، جموں زون، بھیم سین توتی اور سی آر پی ایف، جموں کے انسپکٹر جنرل آر گوپالا کرشنا را سمیت سینئر افسران تصادم کے مقام پر پہنچے ہیں اور اس وقت آپریشن کی نگرانی کے لیے کئی فوجی افسران کے ساتھ وہاں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ پیر کی سہ پہر، کئی افراد کو 12,000فٹ سے زیادہ کی اونچائی پر واقع خفیہ ٹھکانے کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے لے جایا گیا۔سیکورٹی فورسز اُن اوور گرائونڈ ورکرز کی نشاندہی کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جنہوں نے ملی ٹینٹوں کی بڑی مقدار میں راشن، دالوں، برتنوں اور دیگر سامان کی خریداری اور نقل و حمل میں مدد کی، جو کہ سردیوں کے مہینوں میں کم از کم چار افراد کو روزی فراہم کرنے کے لیے کافی تھے۔پیر کے روز ایکس پر ایک پوسٹ میں، فوج کی وائٹ نائٹ کور نے کہا کہ آپریشن جاری ہے۔فوج نے کہا کہ تلاشی کارروائیوں میں توسیع کے ساتھ محاصرے کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ پولیس اور سی آر پی ایف کے ساتھ کور کے دستے علاقے پر غلبہ حاصل کرنے کے لیے تعینات ہیں۔انہوںنے مزید بتایا کہ فوج، پولیس اور نیم فوجی دستوں کی متعدد ٹیمیں، جنہیں ڈرونز اورکھوجی کتوں کی مدد حاصل ہے، گھنے پودوں اور کھڑی ڈھلوانوں سے نشان زد مشکل خطہ کے باوجود، مرئیت اور نقل و حرکت کو محدود کرتے ہوئے علاقے کو کھنگال رہے ہیں۔حکام نے بتایا کہ دو سے تین ملی ٹینٹوں کا ایک گروپ مبینہ طور پر جیش محمدسے وابستہ ہے، خیال کیا جاتا ہے کہ وہ علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں۔