سرینگر // سرحدی تحصیل کرناہ میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے اور ہسپتال مریضوں سے بھر چکا ہے ۔مقامی لوگوں نے ہسپتال انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ کورونا مریضوں کیلئے ہسپتال کے باہر ایک الگ وارڈ مقرر کیا جائے اور مزید ونٹی لیٹر دستیاب رکھے جائیں ۔معلوم رہے کہ کرناہ میں ہسپتال عملہ اس وقت سمپلنگ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ باغ بالا میں وادی اور بیرون وادی سے آنے والے افراد کی سکریننگ کی جا رہی ہے جبکہ ٹنگڈار سب ضلع ہسپتال میں بھی ٹیسٹ کئے جارہے ہیں ۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ پورے سب ڈویژن میں ابھی تک 14افراد کورونا وائرس کی وجہ سے لقمہ اجل بن چکے ہیں اور2655افراد کی آر ٹی پی سی آر سیمپلنگ کی گئی ہے جبکہ 31ہزار4سو41افراد کے نمونے حاصل کئے گے ہیں ۔محکمہ ہیلتھ کا کہنا ہے کہ شدید نوعیت کے مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا جاتا ہے اور جن کی حالت زیادہ بگڑ جاتی ہے، انہیں ہسپتال سے سرینگر اور کپوارہ منتقل کیا جاتا ہے ۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بلاک میں کل 556افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ہیںاور بلاک میں ابھی بھی کورونا کے 231 مثبت کیس ہیں جبکہ332لوگ صحتیاب بھی ہوچکے ہیں ۔علاقے میں 6ہزار سے زیادہ لوگوں کی ویکسین نیشن بھی مکمل ہوچکی ہے ۔مقامی لوگوں نے حکام سے مانگ کی کہ سب ضلع ہسپتال میں آکسیجن پلانٹ نصب کرنے کے ساتھ ساتھ مزید ونٹی لیٹر فراہم کئے جائیں تاکہ یہاں کے مریضوں کو کپوارہ اور سرینگر منتقل کرنے کی ضرورت نہ پڑے ۔