جموں//ڈویژنل کمشنر جموں ہیمنت کمار شرما نے اتوار کو شہر میں جاری مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا معائینہ کیا، متعلقہ افسران کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم بھی ان کے ہمراہ تھی۔ صوبائی ناظم نے جموں بس اڈہ اور ائر پورٹ پر جاکر وہاں کثیر منزلہ پارکنگ کی تعمیر کے علاوہ جموں ائر پورٹ کے توسیعی منصوبہ پر ہورہی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ بس اڈہ پر ملٹی سٹوری کار پارکنگ کے معائینہ کے دوران ڈویژن کمشنر نے متعلقہ انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ اس پروجیکٹ کے کام کو مزید تیز کریں تا کہ اس کی جلد از جلد تکمیل ممکن ہو سکے ۔ انہوں نے تعمیری کمپنی پر بھی زور دیا کہ وہ معیاد اور معیار کے ساتھ سمجھوتہ کئے گئے بغیر طے شدہ ٹائم فریم میں اسے مکمل کریں تا کہ شہر میں پارکنگ کے مسئلہ کے ساتھ جلد از جلد نبٹا جا سکے ۔ جموں ہوائی اڈہ کی توسیع کے لئے بنائے گئے منصوبہ کے معائینہ کے دوران انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ اس اہم پروجیکٹ کی تکمیل میں سرعت لائیں اور جلد سے جلد جموں ہوائی اڈہ کو مکمل کرنے کا کام ہاتھ میں لیں۔ اس موقعہ پر ڈائریکٹر ائر پورٹ ڈی کے گوتم اور مختلف شعبہ جات کے انجینئر و افسران بھی وہاںموجود تھے۔