جاوید اقبال
مینڈھر//ڈھکی بھرا ٹا جابہ سڑک کی ابتر حالت کے خلاف سومو یونین کے کارکنان نے تشویش کا اظہار کیا اور متعلقہ انتظامیہ سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے کہا کہ مذکورہ سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے، جس کے باعث نہ صرف عام شہریوں کو آمد و رفت میں دشواریوں کا سامنا ہے بلکہ ٹریفک حادثات کے امکانات میں بھی خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بارہا حکام کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کروائی گئی، مگر تاحال کوئی خاطر خواہ کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ کارکنان کا کہنا تھا کہ اگر خدانخواستہ کوئی بڑا حادثہ پیش آتا ہے تو اس کی مکمل ذمہ داری متعلقہ انتظامیہ پر عائد ہوگی۔یونین نمائندگان نے مزید کہا کہ سومو گاڑیوں کے ڈرائیور اور مالکان بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ ان کے مطابق انہیں ابھی تک کوئی باقاعدہ اسٹینڈ یا مناسب جگہ فراہم نہیں کی گئی، جس کے باعث انہیں روزمرہ کے کام میں رکاوٹوں کا سامنا ہے اور ان کا روزگار بھی متاثر ہو رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ فوری طور پر سڑک کی مرمت کے لئے عملی اقدامات کرے اور سومو گاڑیوں کے لیے ایک مستقل اور مناسب اسٹینڈ مختص کیا جائے تاکہ ڈرائیوروں کو سہولت میسر آ سکے۔سومو یونین کے کارکنان نے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات کو جلد از جلد پورا نہ کیا گیا تو وہ سڑکوں پر نکل کر بھرپور احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔