نوشہرہ //ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری نے نوشہرہ میں مہاجرین کے لئے قائم کئے گئے راحت کیمپوں کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا ۔وہ بعد دوپہر نوشہرہ پہنچے جہاں انہوںنے مہاجر کیمپوں کا دورہ کیا اور سرحدی متاثرین سے بات چیت بھی کی ۔ اس دوران انہوںنے انتظامیہ کی طرف سے مہاجرین کو دی جارہی سہولیات کا جائزہ بھی لیا ۔ موقعہ پر موجود لوگوں نے انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور کئی مطالبات بھی پیش کئے ۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیلدار نوشہرہ اور ایس ڈی ایم نوشہرہ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ کیمپوں میں رہ رہے لوگوں کی ہر طرح سے مدد کریں اور ان کا خاص خیال رکھاجائے ۔ بعد ازآں انہوںنے ڈاک بنگلہ میں ایک میٹنگ بھی منعقد کی جس دوران گولہ باری اور فائرنگ سے ہوئی تباہی کے بارے میں جائزہ لیاگیا۔ انہوںنے انتظامیہ کے حکام سے کہاکہ وہ سرحدی دیہاتوں میں رہ رہے لوگوں کی جان کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور ایسے علاقوں میں لوگوں کو نہ جانے دیاجائے جہاں خطرہ ہو۔