راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہدا قبال چوہدری نے کالاکوٹ کا تفصیلی دورہ کرکے وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور ساتھ ہی لوگوں کے مسائل بھی سنے ۔انہوںنے ٹرائبل ہوسٹل ، کمیونٹی ہال اور شاپنگ کمپلیکس کاجائزہ لیاجو فنڈ ز نہ ہونے کی وجہ سے نامکمل ہیں۔انہوںنے ایس ڈ ی ایم کو ہدایت دی کہ ہوسٹل اور کمیونٹی ہال کو محکمہ دیہی ترقی کی انجینئرنگ ونگ کے حوالے کیاجائے تاکہ کانورجنس کے ذریعہ ان کی تکمیل کی جاسکے ۔انہوںنے ہدایت دی کہ شاپنگ کمپلیکس کو محکمہ سماجی بہبود کے سپرد کیاجائے ۔انہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ تین مہینوں میں ان پروجیکٹوں کو مکمل کریں جن کو شروع ہوئے سات سے آٹھ برس ہوگئے ہیں ۔اس دوران انہوںنے گورنمنٹ ڈگری کالج کیلئے تجویز کی گئی جگہ کا معائنہ بھی کیا اور جموں و کشمیر ہائوسنگ بورڈ کے ایم ڈی سے اس کی جلد سے جلد تعمیر پر زور دیا ۔ڈپٹی کمشنر نے افسران کے ہمراہ بس اڈہ ، محکمہ مال کے کمپلیکس ، آدھار اندراج مراکز اور دیگر مقامات کا دورہ بھی کیا ۔اس دوران یہ فیصلہ لیاگیاکہ مہاجرین ووٹروں کیلئے چھ نومبر کو موگلہ میں ایک میگا کیمپ منعقد کیاجائے گاجس کے ذریعہ انہیں بیدار کیاجائے گا۔ یہ کیمپ محکمہ تعلیم اور محکمہ سماجی بہبود کی طرف سے منعقد ہوگا۔اس دوران جائزہ میٹنگ بھی لی گئی ۔اور ڈپٹی کمشنر نے تعمیر پروجیکٹ کے تحت سکولوں کی تعمیر میں سست روی پر بی ڈی او کالاکوٹ پر برہمی کا اظہار کیا ۔انہوںنے محکمہ بجلی ، محکمہ پی ایچ اور میکنکل ونگ کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے زیر التوا مسائل کو ایک ہفتہ کے اندر اندرحل کریں ۔میٹنگ میں سکولوں کے اردگرد چار دیواری بنانے پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔اس دوران محکمہ دیہی ترقی کے ایم پی ڈبلیو جسونت سنگھ اور ہارٹی کلچرمحککمہ کے ٹیکنکل اسسٹنٹ کلدیپ سنگھ کو غیر حاضر رہنے پر معطل کیاگیا ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ہارٹی کلچراور محکمہ مال کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کوہوئے فصلوں کے نقصان پر مشترکہ رپورٹ پیش کریں ۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے عوامی دربار کا اہتمام کیا جس دوران لوگوں کی طرف سے بجلی ، سڑک ، پانی اور دیگر مسائل اجاگر کئے گئے ۔لوگوں نے ڈپٹی کمشنر کی طرف سے ان کی دہلیز پر اسناد جاری کرنے کے سلسلے کو سراہا۔اس موقعہ پر ایس ڈی ایم خالدحسین ، سی ایم او ڈاکٹر سریش شرما، ایکسن محکمہ تعمیرات عامہ پرویز احمد ، ایکسن محکمہ بجلی اومیش پریہار ، ایکسن ایس ٹی ڈی حسن محمد ، سی اے او ایم وائی چوہدری ، سی ایچ او ڈاکٹر دل بہادر سنگھ ، ڈی ایس ایچ او ڈاکٹر ستیش گنگوال ، ڈی ایس ڈبلیو او ڈاکٹر عبدالخبیر ، ڈی ایس ای او رشید اعظم و دیگران بھی موجو دتھے ۔