عظمیٰ نیوزسروس
جموں// ڈویژنل کمشنر جموں، رَمیش کمار نے جموں ڈویژن میں مختلف محکموں اور اضلاع کی جانب سے سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں اور شدید گرمی (ہیٹ ویو) سے متعلق انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اجلاس کے دوران ڈویژنل کمشنر نے آنے والے مون سون سیزن کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور مختلف محکموں کی جانب سے کی گئی تیاریوں کی تفصیلات طلب کیں۔انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ وہ ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کریں تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل، ضروری خدمات کی بحالی اور سیلابی نقصانات پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے دریاؤں اور دیگر آبی ذخائر میں پانی کی سطح پر مسلسل نظر رکھنے کی بھی ہدایت دی۔پہاڑی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ حساس علاقوں میں ڈھلوانوں کے استحکام کا جائزہ لینے کے لیے ماہر ٹیمیں تعینات کی جائیں اور پیشگی احتیاطی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔محکمہ وار تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے ڈویژنل کمشنر نے کمشنر جموں میونسپل کارپوریشن کو جموں شہر میں نالوں اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور گاد نکالنے کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے نشیبی اور حساس علاقوں میں پانی جمع ہونے سے بچاؤ کے لیے افرادی قوت اور مشینری تیار رکھنے پر بھی زور دیا۔مکینیکل محکمہ، پی ایم جی ایس وائی، بی آر او، این ایچ اے آئی اور این ایچ آئی ڈی سی ایل کو سڑکوں اور پلوں پر آمدورفت بحال رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے اجلاس کو بتایا کہ سیلاب یا بارشوں کے دوران پانی اور مچھروں سے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کے لیے ضلعی اسپتالوں، پی ایچ سیز اور سی ایچ سیز کو خاطر خواہ طبی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔ڈویژنل کمشنر نے ہیٹ ویو مینجمنٹ کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ صحت کو عوام کے لیے شدید گرمی سے بچاؤ سے متعلق احتیاطی تدابیر اور مشوروں پر مبنی ایڈوائزری باقاعدگی سے جاری کرنے کی ہدایت دی۔چیف انجینئر جے پی ڈی سی ایل نے بتایا کہ بجلی کی فوری بحالی کے لیے مختلف مقامات پر ٹرانسفارمرز، کھمبے اور کنڈکٹرز وافر مقدار میں ذخیرہ کیے گئے ہیں جبکہ کوئیک ریسپانس ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی نشاندہی کرکے ان کے لیے جامع حفاظتی منصوبے تیار کریں۔ انہیں سول ڈیفنس رضاکاروں کی تربیت اور مقامی آبادی کی شرکت کے ساتھ فرضی مشقیں منعقد کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔ڈائریکٹر فوڈ، سول سپلائیز اینڈ کنزیومر افیئرز نے بتایا کہ جموں ڈویژن کے تمام اضلاع میں راشن اور دیگر ضروری اشیائے خورد و نوش کا مناسب ذخیرہ موجود ہے۔ڈویژنل کمشنر نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تفصیلی منصوبہ تیار کریں اور اپنی افرادی قوت و مشینری کو ہر وقت تیار رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر عوامی خدمات بحال کی جا سکیں۔