جاوید اقبال
مینڈھر// ڈاکٹر مسعود چوہدری چمپئن کرکٹ لیگ کے تیسرے روز او پی ہل اسٹیڈیم مینڈھر میں دو سنسنی خیز اور دلچسپ میچز کھیلے گئے، جنہوں نے شائقینِ کرکٹ کو خوب محظوظ کیا۔ لیگ کے مقابلوں میں مقامی نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے خوب داد وصول کی، جبکہ میدان میں موجود کرکٹ شائقین نے اپنی پسندیدہ ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔پہلا میچ مینڈھر کرکٹ کلب اور مینڈھر الیون کے درمیان کھیلا گیا۔ مینڈھر الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 15 اوورز میں 122 رنز کا اچھا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔
ٹیم کی جانب سے سکندر خان نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 21 قیمتی رنز بنائے۔ بعد ازاں بولنگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے تین اہم وکٹیں حاصل کیں، جس پر انہیں مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔دوسری جانب مینڈھر کرکٹ کلب کی طرف سے توحید اور ضیافت نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب تین اور دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تاہم ہدف کے تعاقب میں مینڈھر کرکٹ کلب کی پوری ٹیم 92 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ مینڈھر الیون کی جانب سے سکندر، اتیف اور منا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح مینڈھر الیون نے 30 رنز سے کامیابی حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مضبوط بنا لی۔تیسرے روز کا دوسرا مقابلہ جٹ الیون اور مینڈھر سپر اسٹار کے درمیان کھیلا گیا، جو ابتدا سے ہی دلچسپی کا مرکز بنا رہا۔ جٹ الیون کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریف کو آسانی سے شکست دے کر میچ اپنے نام کر لیا۔ کھلاڑیوں کی بہترین بیٹنگ اور منظم بولنگ نے شائقین سے بھرپور داد وصول کی۔لیگ کے مسلسل دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں نے پورے علاقے میں کرکٹ کا جوش بڑھا دیا ہے۔ مقامی عوام نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین خصوصاً ڈاکٹر مسعود چودھری کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے کھیلوں کے انعقاد سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا بہتر موقع ملے گا۔اس موقعہ پر کابینہ وزیر نے ٹاس کروا کر مقابلے کا آغاز کروایا۔