محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے قدرتی حسن، دلکش وادیوں، سرسبز پہاڑی سلسلوں اور تاریخی و روحانی اہمیت کے حامل سیاحتی مقامات کو قومی سیاحتی نقشے پر نمایاں مقام دلانے کے مطالبات میں شدت آ گئی ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلعی نائب صدر رویندر کمار بٹہ، ایڈووکیٹ سنجے رینہ اور بی جے پی سٹی صدر و صدر سماج سیوا سوسائٹی جگل کشور نے حکومتِ جموں و کشمیر اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ پونچھ اور منڈی کے سیاحتی امکانات کو بروئے کار لانے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ پیر پنجال کے دامن میں واقع پونچھ ضلع قدرت کی بے مثال نعمتوں سے مالا مال ہے، تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ یہاں کے متعدد خوبصورت اور تاریخی مقامات حکومتی توجہ سے محروم ہیں۔
انہوں نے معروف روحانی و سیاحتی مقام سنکھ ڈوڈہ پیر سمیت کئی دیگر قدرتی مناظر سے مزین علاقوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مناسب تشہیر، بنیادی سہولیات اور بہتر رابطہ سڑکوں کی فراہمی کے ذریعے یہ مقامات ملکی اور بین الاقوامی سیاحوں کے لیے بڑی کشش کا مرکز بن سکتے ہیں۔رہنماؤں نے سرل-جندرولہ رابطہ سڑک کی خستہ حالی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً پانچ کلومیٹر سڑک اب بھی میکڈمائزیشن سے محروم ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا کہ سڑک کی فوری میکڈمائزیشن عمل میں لا کر علاقے کی رسائی کو بہتر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سیاحت صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ اقتصادی ترقی کا ایک مضبوط ستون بھی ہے۔اگر پونچھ اور منڈی کے قدرتی مقامات پر بنیادی ڈھانچہ، قیام و طعام کی سہولیات، رہنمائی مراکز اور بہتر مواصلاتی نظام فراہم کیا جائے تو مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے، دیہی معیشت کو نئی زندگی ملے گی اور خطے میں سرمایہ کاری کے امکانات روشن ہوں گے۔بی جے پی رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پونچھ اور منڈی کے لیے ایک جامع سیاحتی ترقیاتی پالیسی مرتب کی جائے، اہم مقامات کو باضابطہ سیاحتی سرکٹ میں شامل کیا جائے اور ان کی قومی سطح پر تشہیر کی جائے تاکہ پیر پنجال کی پوشیدہ خوبصورتی دنیا کے سامنے آسکے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ اس دیرینہ مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے ایسے عملی اقدامات کرے گی جو نہ صرف سیاحت کے فروغ بلکہ خطے کی پائیدار اقتصادی ترقی اور عوامی خوشحالی کا باعث بنیں گے۔