عظمیٰ نیوز سروس
مینڈھر //کابینہ وزیر جاوید احمد رانا نے ضلع پونچھ میں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور معیاری عمل درآمد کو یقینی بنانے کے مقصد سے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں جل شکتی، پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی)، ری ویمپڈ ڈسٹری بیوشن سیکٹر اسکیم (RDSS) اور دھرتی آبا منصوبوں کی پیش رفت اور عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔مینڈھر میں منعقدہ اجلاس میں مختلف محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی، جن میں جل شکتی محکمہ، پی ڈبلیو ڈی، جے پی ڈی سی ایل، این ٹی پی سی، قبائلی امور محکمہ اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔ اجلاس کے دوران جاری منصوبوں کی مالی و فزیکل پیش رفت، درپیش رکاوٹوں اور بروقت تکمیل کے لیے درکار اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے تمام منظور شدہ ترقیاتی کاموں کی تیز رفتار تکمیل پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے نتیجہ خیز حکمت عملی اپنائیں تاکہ عوام کو ترقیاتی منصوبوں کا فائدہ جلد از جلد پہنچ سکے۔جاوید رانا نے پینے کے پانی اور متعلقہ بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے جل شکتی محکمہ کو جاری کاموں کی مسلسل نگرانی کرنے اور پیش رفت میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل پر بھی زور دیا۔پی ڈبلیو ڈی کے تحت جاری سڑکوں کے منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر نے افسران کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کاموں میں تیزی لائی جائے جبکہ تکنیکی معیار اور مقررہ ضوابط کی مکمل پابندی یقینی بنائی جائے۔وزیر نے آر ڈی ایس ایس اسکیم کو بجلی کی ترسیلی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو اس منصوبے کی بروقت تکمیل اور جامع روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ضلع میں دھرتی آبا جن جاتیہ گرام اتکرش ابھیان کی سست رفتار پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔جاوید رانا نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی ہمہ جہتی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے صحت، تعلیم، بنیادی ڈھانچے اور روزگار کے شعبوں میں موجود خلا کو پْر کرنے کے لیے مؤثر اقدامات پر زور دیا۔وزیر نے واضح کیا کہ تکنیکی منظوری، ٹینڈرنگ اور الاٹمنٹ سمیت تمام رسمی کارروائیاں جلد مکمل کی جائیں تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے افسران کو باقاعدہ فیلڈ معائنہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کاموں میں تاخیر یا ناقص معیار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف فوری تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔