مینڈھر //سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر مینڈھر کے ڈاک بنگلہ علاقہ سے گوہلد ،بالاکوٹ جانے والی رابطہ سڑک انتہائی خستہ ہونے کی وجہ سے مقامی لوگوں کیلئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ رابطہ سڑک کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر ہیرا پھیری کی گئی ہے جبکہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے لاکھوں روپے کے فنڈز کو زمینی سطح پر کام کے بغیر ہی ہڑپ لیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ کی جانب سے کچھ عرصہ قبل سڑک پر تارکول بچھایا گیا تھا تاہم انتہائی غیر معیاری مٹریل استعمال کرنے کی وجہ سے اس وقت سڑک ناقابل استعمال ہو گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کھڈوں میں تبدیل ہے جن میں بارشوں کا پانی ایک لمبے عرصہ تک جمع رہتا ہے اور عام لوگوں کے پیدل چلنے کیلئے بھی جگہ دستیاب نہیں ہے ۔سرحدی علاقوں کی عوام نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے وہ مریضوں بالخصوص حاملہ خواتین کو ہسپتال منتقل کروانے کیلئے مسائل کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک پر دوبارہ سے تارکول بچھانے کیساتھ ساتھ محکمہ کی جانب سے کی گئی ہیرا پھیر ی کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ سرحدی مکینوں کو انصاف مل سکے ۔