عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں ڈاکٹر عبدالحمید زرگر نے راجیو گاندھی ہسپتال گنگیال کا دورہ کر کے ادارے کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا اور عوام کو فراہم کی جا رہی طبی سہولیات کے معیار کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران ڈائریکٹر نے او پی ڈی، آئی پی ڈی وارڈز، ایمرجنسی یونٹ، لیبر روم، آپریشن تھیٹر، تشخیصی لیبارٹری، فارمیسی اور ہسپتال کے دیگر اہم شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ادویات اور طبی آلات کی دستیابی، صفائی ستھرائی کے انتظامات، بجلی و پانی کی فراہمی اور مریضوں کے ریکارڈ کی دیکھ بھال کا بھی جائزہ لیا تاکہ خدمات کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔بعد ازاں ڈاکٹر زرگر نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ ایک جائزہ میٹنگ بھی منعقد کی۔ اجلاس میں عملے کی حاضری، ڈیوٹی روسٹر، مریضوں کے ریفرل نظام، بایو میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ اور مختلف قومی صحت پروگراموں کے نفاذ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت دی کہ نظم و ضبط، وقت کی پابندی، درست دستاویزات کی تیاری اور مریض دوست رویہ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز نے ہسپتال عملے کی خدمات اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا محکمہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے مسلسل محنت اور جذبہ خدمت ضروری ہے۔ انہوں نے عملے پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو خلوص اور ہمدردی کے ساتھ انجام دیں۔دورے کے اختتام پر ڈاکٹر زرگر نے نشاندہی کی گئی خامیوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کی ہدایات جاری کیں تاکہ خطے میں صحت خدمات کے نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جا سکے۔